ایمن حسن
اکثر خواتین یہ سمجھتی ہیں کہ ورزش صرف موٹاپہ کم کرنے کے لیے کی جاتی ہے۔ حالاں کہ ایسا نہیں ہے اگر آپ اسمارٹ ہیں تو بھی روزانہ کم ازکم ایک گھنٹے ورزش لازمی کریں ،تا کہ وزن نہ بڑھے اور آپ مکمل طور پر فٹ رہیں۔ ویسے بھی ورزش آپ کو صحت منداور بیماریوں سے دور رکھتی ہے۔خاص طور پر یوگا ( yoga) تو مکمل میڈ یکیٹڈ ورزش ہے۔ یہ کرتے وقت جب آپ ناک کے ذریعے سانس باہر نکالتی ہیں ،یعنی ( exhale) کرتی ہیں تو یہ عمل خون کی صفائی میں مدد کرتا ہے اور گردوں کے ذریعے زہریلے مادوں کا اخراج بھی ہوتا ہے۔ اسی طر ح ایروبکس ( aerobics) بھی ایک میڈ یکیٹڈ ورزش ہے۔
وہ تمام ورزشیں کو فرش پر بیٹھ کر یا لیٹ کر کی جاتی ہیں وہ لوئر باڈی ( lower body) کو سڈول بنانے اور کیلوریز کم کرنے میں معاون ہوتی ہیں اور جو ورزشیں کھڑے ہوکر کی جاتی ہیں۔ وہ کندھوں ،بازوئوں اور کمر کے لیے بہترین ہوتی ہیں ۔ ایروبکس میں زُمبا ایر وبکس( zumba aerobics) ایک نئی ورزش ہے ۔یہ ڈانس اسٹیپس پر مبنی ہے۔ یہ خاص طور پر پیٹ اور تھائز کے لیے ہے۔ اس کے کرنے سے چوںکہ کیلوریز فوری طور پر استعمال ہوجاتی ہیں۔اس لیے وزن بھی تیزی سے کم ہوتا ہے۔
……کمر اورتھائز کے لیے……
دائیں ٹانگ کو آگے کی جانب پھیلائیں اور بائیں ٹانگ کو موڑ کر فرش پر ہی رہنے دیں ،پھر آگے کی جانب جھکتے ہوئے اپنا سر گھٹنے پر رکھیں اور دونوں ہاتھوں سے اپناہی پاوٴں تھام لیں۔
……پیٹ اور تھائز کے لیے……
فرش پر سیدھی لیٹ جائیں اور اپنی دائیں ٹانگ اس طرح موڑ لیں کہ گھٹنا اوپر کی جانب رہے۔ اب سر کو دونوں ہاتھوں سے تھام کر دائیں جانب اس طرح جھکیں کہ آپ کے بائیں بازو کی کہنی کا رُخ دائیں گھٹنے کی طرف ہو جائے ۔ اسی طرح یہی ایکسرسائز بائیں رُخ پر کریں، چوں کہ یہ تیزی سے کی جانے والی زُمبا ایروبک ہے۔ لہٰذا اس سے کیلوریز بہت تیزی سے برن (Burn) ہوتی ہیں۔
……ہاتھوں کے لیے……
٭ سب سے پہلے ہاتھوں کو مضبوطی سے بند کرلیں۔ پھر ہاتھ کھول کر زور سے انگلیوں کو پھیلا لیں، یہ عمل پانچ بار دہرائیں۔
٭ کلائیوں پر زور زور سے حرکت دیں لیکن خود ہاتھوں کو ڈھیلا چھوڑے رکھیں۔ عموماً موسم کی خرابی یا ہوا میں خشکی کے سبب ہاتھوں پر جھریاں سی بن جاتی ہیں۔ یہ جھریاں پانی میں زیادہ دیر ہاتھ رہنے سے بھی بن جاتی ہیں۔جب آپ کے ہاتھوں پر اس طرح کی جھریاں پڑ جائیں تو ان کو دور کرنے کے لیے بیریئر کریم ( barrier cream) استعمال کریں۔ یہ کریم جھریوں کو دور کرکے ہاتھوں کو نرم وملائم بناتی ہے۔
علاوہ ازیں ہاتھوں کی جلد کو موسمی اثرات سے بھی محفوظ رکھتی ہے۔بعض خواتین کے ہاتھوں کی جلد بہت جلد خشک ہوجاتی ہے اور کھچاؤ پیدا ہوجاتا ہے۔ ایسے ہاتھوں کے لیے ضروری ہے کہ رات کو سوتے وقت ان پر کوئی بھی معیاری کریم لگائیں اور پانی میں کام کرنے کے بعد لوشن لازمی لگائیں۔اس کے علاوہ آپ ہاتھوں کو نرم وملائم رکھنے کے لیے زیتون ،روغن بادام ،مکھن اور ملائی کا مساج بھی کرسکتی ہیں۔