• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عظمٰی صدیقی

کبھی کبھار کڑاہی ،بریانی اور پلائو بنانے کا دل نہیں چاہتا ،دل کرتا ہے چٹ پٹے کھانوں کے لیے علاوہ کچھ الگ پکایا جائے تو اسی لیے ہم اس ہفتے آپ کو چائنیز ڈشز کی تراکیب بتا رہے ہیں انہیں آزما کر خود بھی مزے سے کھائیں اور دوسروں کو بھی کھالیں، یہ آپ دعوت کے موقعے پر بھی بنا سکتی ہیں۔دیکھیں گا مہمان آپ کے کھانے کی داد دئیے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

……سیزلنگ چکن منچورین……

اجزاء: چکن (بون لیس) آدھا کلو ،پسی ہوئی سفید مرچ ایک کھانے کا چمچہ، کارن فلور چار کھانے کے چمچے (پانی میں گھول لیں)، چکن یخنی ایک پیا لی، لہسن چوپ کی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، سویا سوس ایک کھانے کا چمچہ، ٹماٹو کیچپ آدھی پیالی، چلی سوس دو کھانے کے چمچے، سفید زیرہ دوکھانے کے چمچے ،چینی ایک کھانے کا چمچہ، نمک حسب ِضرورت ،تیل حسب ضرورت تلنے کے لیے ،ہری پیاز کے پتے باریک کٹے ہوئےگارنشنگ کے لیے انڈے کی سفیدی ایک عدد، سرکہ دو کھانے کے چمچے۔

ترکیب: بون لیس چکن میں سفید مرچ، انڈے کی سفیدی، دوکھانے کے چمچے کارن فلور ،ایک کھانے کا چمچہ تیل اور نمک لگا کر آدھے گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں اور چکن کوسنہری تل کرنکال لیں۔ ساس پین میں چوتھائی پیالی تیل گرم کرکے لہسن تل لیں، پھر اس میں سر کہ، چینی، سویا سوس ، کیچپ ،چلی سوس، چکن اور یخنی شامل کرکے جوش آنے تک پکائیں۔ اس میں چمچہ چلاتے ہوئے آہستہ آہستہ باقی کارن فلور بھی شامل کردیں اور گاڑھا ہونے پر ڈش میں نکال لیں۔ مزیدار منچورین ہری پیاز سے سجا کر پیش کریں۔

……چکن فرائیڈ رائس……

اجزاء: چاول ایک کلو، چکن (بون لیس) آدھا کلو، نمک حسب ِضرورت ،ہری پیاز باریک کٹی ہوئی چارعدد، گاجر، بند گوبھی ایک عدد باریک کٹی ہوئی، سر کہ دوکھانے کے چمچے، سویا سوس چار کھانے کے چمچے، سفید مرچ پسی ہوئی ایک کھانے کا چمچہ، چینی ایک کھانے کا چمچہ، انڈے تین عدد ،تیل چار سے چھ کھانے کے چمچے۔

ترکیب: چاولوں کو ابال کر پانی نتھار لیں اور چار سے چھ گھنٹوں کے لیے ڈھک کر فریج میں رکھ دیں۔ کڑاہی میں درمیانی آنچ پر تیل کو دو سے تین منٹ تک گرم کریں۔ لہسن ڈال کر ایک سے دو منٹ فرائی کریں، پھر چکن ڈال کر اتنی دیر فرائی کریں کہ چکن کا اپنا پانی خشک ہوجائے، پھر چاول ڈال کر دو چمچوں کی مدد سے اتنی دیر ملائیں کہ چاول اچھی طرح گرم ہو جائیں۔

بعدازاں اس میں بند گوبھی، گاجر اور ہری پیاز ڈال کر ملائیں۔ ایک منٹ بعد نمک ،چینی اور سفید مرچ شامل کر کے اچھی طرح ملائیں۔ انڈوں کو نمک اور چٹکی بھر سفید مرچ کے ساتھ ہلکا سا پھینٹ لیں اور چاولوں پر ڈال دیں۔ آخر میں سرکہ اور سویا ساس ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ لیجئےمزیدار چکن فرائیڈ رائس تیار ہیں۔

…… مسالہ میکرونی……

اجزاء: پیاز دو عدد (پسی ہوئی )،ٹماٹر دوعدد (پسے ہوئے )، لہسن ایک کھانے کا چمچہ (پسا ہوا )، ادرک ایک چائے کا چمچہ (پسی ہوئی )، کالی مرچ ایک چائے کا چمچہ، نمک حسب ضرورت، اجینو موٹو ایک چٹکی ، مکھن دو کھانے کے چمچے، میکرونی ایک پیکٹ ،پنیر ایک ٹکڑا ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک دیگچی میں مکھن گرم کر کے لہسن ڈالیں، پھر اس میں ادرک، پیاز، نمک ، کالی مرچ اور اجینو موٹو ڈال کر خوب بھونیں۔ اس کے بعد ٹماٹر کا رس ڈال کر پکنے دیں۔ میکرونی اُبال لیں۔ چھان کر ڈش میں ڈالیں۔ اوپر سے مسالہ ڈال دیں اور پنیر کاٹ کر چھڑک دیں۔