• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی محتسب کا راولپنڈی میں ایک اور پاسپورٹ آفس کھولنے کا حکم

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے راولپنڈی شہر میں ایک اور پاسپورٹ آفس کھولنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے یہ ہدایت وفاقی محتسب کی قائم کردہ معائنہ ٹیم کے اچانک پاسپورٹ آفس راولپنڈی کے دورہ کے بعد دی۔ معائنہ ٹیم نے سسٹم خراب ہونے کے باعث راولپنڈی دفتر سے 70افراد کو اسلام آباد دفتر بھجوا کر انکے پاسپورٹ فوری پراسس کروا دیئے جبکہ ایک عمر رسیدہ شخص جس کا14 چکر لگانے کے بعد بھی مسئلہ حل نہیں ہوا تھا، ٹیم نے ایک ہی دن میں معاملہ حل کروا دیا۔ ایک خاتون صارف کو 5ہزار روپے کی اضافی فیس کی رقم واپس دلا دی۔ وفاقی محتسب نے پاسپورٹ آفس کیخلاف بڑی تعداد میں شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل (ایڈمن) محمد صفدر کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم پاسپورٹ آفس بھیجی۔ اس دوران پاسپورٹ کے حصول کیلئے چار پانچ سو افراد وہاں موجود تھے جن کیلئے نہ تو ہال میں بیٹھنے کی جگہ تھی‘ نہ پینے کے پانی اور پنکھوں کا مناسب انتظام۔ معائنہ ٹیم کے پاسپورٹ افٓس راولپنڈی پہنچتے ہی آن لائن سسٹم خراب ہو گیا جس پر ٹیم کی ہدایات پر 70افراد کو پاسپورٹ آفس جی ٹین اسلام آباد بھجوا کر ان کا پاسپورٹ کا عمل پراسیس کیا گیا۔ وفاقی محتسب کی ہدایت پر خصوصی ٹیم نے متعدد شہریوں کے مسائل فوری حل کروا دیئے۔ خصوصی اختیاراتی ٹیم اپنی جامع رپورٹ 3روز میں وفاقی محتسب کی خدمت میں پیش کریگی۔
اسلام آباد سے مزید