اسلام آباد(خصوصی رپورٹ‘ خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پیمرا قوانین میں مشاورت سے ترمیم لا رہی ہے، 2019ء میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد چینلز کی درجہ بندی کی گئی، سابق دور میں میڈیا ہائوسز کو جاری ہونے والے اشتہارات کو صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی سے منسلک نہیں کیا گیا۔ سابق دور میں صحافیوں کو اغواء اور ان پر تشدد کے واقعات رونما ہوئے، ہمارے دور میں کوئی ایسا واقعہ پیش نہیں آیا۔ صحافیوں کے خلاف درج ایف آئی آرز پر متعلقہ آئی جیز کو بلا کر ان کا موقف سنا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت سینیٹر فیصل جاوید نے کی جبکہ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیمرا کے حوالے سے ترمیم میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے، ہم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی مشاورت سے ترامیم لا رہے ہیں۔