• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالم گودر میں انڈسٹریل سٹیٹ کے قیام کیلئے کمیٹی تشکیل

پشاور(جنگ نیوز ) کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کی زیرِ صدارت کئی سالوں سے التواء کا شکار قبائلی ضلع خیبر کے علاقے باڑہ عالم گودر میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مینیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ سید ظفر علی شاہ،اسسٹنٹ کمشنر باڑہ شہاب الدین ، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز رضوانہ ڈار اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔اجلاس میں کمشنر پشاور کو بریفنگ دیتے ہوئے مینیجنگ ڈائریکٹر سمال انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بورڈ نے بتایا کہ باڑہ کے علاقے عالم گودر میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے اراضی کا انتخاب کرلیا گیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیکشن فور کا نفاذ بھی ہوچکا ہے تاہم علاقے کے عوام کی جانب سے تحفظات اور آلودگی پھیلانے کے خدشہ اور دیگر وجوہات کی بنا پر انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں رکاوٹیں حائل ہیں اجلاس میں کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈپٹی کمشنر خیبر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے ٹیکنیکل سٹاف کے ہمراہ علاقے کا دورہ کرنے کی ہدایات جاری کئے کمیٹی جائزہ لے گی کہ منتخب زمین انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام کے لئے موضوع ہے یا نہیں کمیٹی کو زمین موضوع ہونے کی صورت میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قیام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی کمیٹی سے 4 دنوں میں رپورٹ طلب کرلی گئی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے تاکید کی کہ عوامی مفاد کے منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ہمہ وقت ان سے رابطہ کیاجائے اور کوشش کی جائے کہ عوامی مفاد کے منصوبوں کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔
پشاور سے مزید