• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نجکاری کمیٹی اجلاس، پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا پلان پیش

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) کابینہ کی نجکاری کمیٹی نے موجودہ معاشی صورتحال کے تحت اولین ترجیح کے طور نجکاری پروگرام کا مزید جائزہ لینے کا فیصلہ کیاہے، کابینہ کی نو تشکیل شدہ نجکاری کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ وریونیو مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ہوا.

 نجکاری کمیٹی میں موجودہ نجکاری پروگرام کےلیے روڈ میپ پیش کیاگیا ، چیئرمین نجکاری کمیشن نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا حکومتی پلان پیش کیا، پلان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی اور تربیت یافتہ ملازمین کے لیے مواقع شامل ہیں .

 کمیٹی کو دنیا کے سب سے بڑے اسٹیل تیارکرنیوالی کمپنی بائیو سٹیل کی ٹیم کے حالیہ دورے کے بارے میں بھی آگاہ کیاگیا .

، بائیوسٹیل 18کروڑ ٹن اسٹیل سالانہ تیار کرتی ہے اور پاکستان اسٹیل ملز میں دلچسپی رکھنے والی کمپنیوں میں سے ایک ہے، کمپنی کا پلان ہےکہ پاکستان سٹیل ملز کی 30لاکھ ٹن سالانہ پیداواری استعداد بڑھائی جائے گی.

نجکاری کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کا خیر مقد م کیا جس میں 1229ایکڑ زمین جیٹی کو لیز پر دیناشامل ہے.

 کمیٹی نے وزارت صنعت وپیداوار ، توانائی اور میری ٹائم کو ہدایت کی کہ پاکستان سٹیل ملز کے حوالے سے نجکاری کمیشن کے ساتھ مل کر تیز ی سےکام کیا جائے اور حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے.

 نجکاری کمیٹی کو دو آر ایل این جی پاور پلانٹس بلوکی اور حویلی بہادر شاہ کے مالکان این پی پی ایم سی ایل کی دوبارہ سرمایہ کاری کی کوششوں سے آگاہ کیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید