راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)راولپنڈی میں روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے مریضوں میں اضافہ شروع ہوگیاہے۔ ایک اور کنفرم مریض کے بعد اب تک ڈینگی کے گیارہ کنفرم مریض ہوچکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 40 مشتبہ کیسز سامنے آئے جن میں سے ایک ڈینگی کا کنفرم،ایک مشتبہ اور ایک نان ڈینگی مریض تھا۔ عوامی لاپرواہی کیساتھ ساتھ انسداد ڈینگی پر مامور محکموں کی حالت بھی خراب ہے اور انسداد ڈینگی کیلئے مبینہ طور پر بوگس سرگرمیاں رپورٹ کی جا رہی ہیں۔22جون کو396کاغذی کارروائیاں پکڑی گئیں، زیادہ تعداد ان علاقوں میں ہے جہاں سے مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔ پوٹھوہار ٹائون پری اربن میں79، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی کی حدود میں 61، چکلالہ کینٹ37اور راولپنڈی کینٹ میں36 بوگس کارروائیاں ریکارڈ کی گئیں۔ ذرائع کے مطابق جمعہ کو 184گھروں سے لاروا برآمد ہوا جس میں سے 78پوٹھوہار ٹائون،51کینٹ ایریاز اور 24میونسپل علاقوں کے گھر شامل ہیں۔تینوں سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مشتبہ دس کیسز آئے۔