• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

BRT زو پشاور عالمی ایوارڈ کیلئے 5 فائنلسٹ میں شامل

پشاور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ ورلڈ ریسورس انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے بس ریپڈ ٹرنزٹ پشاور کےلئے عالمی ایوارڈ پشاور اور خیبر پختونخوا حکومت سمیت ملک بھر کیلئے پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے ، 2022 میں زو پشاور کیلئے یہ تیسرا عالمی ایوارڈ ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پرائز فار سیٹیز ایوارڈ کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران کیا۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سسٹم کیساتھ دیگر سہولیات کی فراہمی جیسے زو بائیسکل، معذور افراد اور خواتین کے لیے سہولیات کی فراہمی پر ایوارڈ کے لئے سلیکشن خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس ادارے سے بی آر ٹی کو فائنل فہرست میں شامل کیا وہ کئی ممالک میں کام کرتا ہے، پرائز فار سیٹیز ایوارڈ کے لیے نامزدگی کے لیے 65 ملکوں کے 260 منصوبوں میں مقابلہ ہوا جس میں زو پشاور ٹاپ کے پانچ فائنل لسٹ میں شامل ہوا، انھوں نے کہا کہ 5 فائنل شدہ منصوبوں میں سے پہلے نمبر پر آنے والے منصوبے کا اعلان نومبر میں ہوگا ، انہوں نے کہاکہ پہلے نمبر پر آنے والے پراجیکٹ کو ڈھائی لاکھ ڈالر، باقی کو 25, 25 ہزار ڈالر ملیں گے، انھوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نومبر میں بی آر ٹی ہی فائنل پوزیشن حاصل کرے گی، بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ زو پشاور ٹاپ کے پانچ فائنلسٹ میں شامل ہونے پر صوبائی حکومت، ٹرانس پشاور اور بی آر ٹی پشاور کی تمام ٹیم کو مبارکبادکی مستحق ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی آر ٹی کے لئے عنقریب مزید 86 نئی بسیں منگوائی جا رہی ہیں۔
ملک بھر سے سے مزید