اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صحافت زنجیروں میں لپٹی ہو تو جمہوریت بھی پابند سلاسل ہوتی ہے، میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کسی پر احسان نہیں بلکہ آئین کا بنیادی تقاضا اور حق ہے، صحافیوں کا تحفظ اور پیشہ ورانہ سازگار ماحول فراہم کرنا اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے ذمہ داری سنبھالتے ہی میڈیا مخالف قوانین اور ضابطوں کو ختم کرنے کا عمل شروع کیا، صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ء پر صحافیوں اور صحافتی تنظیموں سے مزید مشاورت کر کے مسودہ قانون کو حتمی شکل دینگے، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور) کے صدر نواز رضا کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ میری خصوصی ہدایت پر جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی) بل 2022ء وزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا ہے جس کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے، کمیٹی میں اطلاعات، قانون، انسانی حقوق کی وزارتوں اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں، آزادی صحافت کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے، میڈیا کی آزادی سے ہی سیاست بھی زندگی پاتی ہے،میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فیک نیوز اور پروپیگنڈا نیوز روکنے کیلئے فعال کردارادا کرنا ہوگا۔