• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمزہ شہباز کو مرکز کی حمایت، سپریم کورٹ مداخلت کا نوٹس لے، پرویز الٰہی

لاہور(نمائندہ خصوصی) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی، ارکان قومی اسمبلی مونس الٰہی اور حسین الٰہی سے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے وفد کے ہمراہ ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں سابق وفاقی وزیر ریاض فتیانہ، اپوزیشن لیڈر محمد سبطین خان، سابق صوبائی وزیر محمود الرشید اور محمد علی اکبر خان شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال سمیت پنجاب کے ضمنی اور وزیر اعلیٰ کے الیکشن کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پنجاب میں ضمنی انتخابات میں حکومت پنجاب کی مداخلت پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ حمزہ شہباز کو مرکز کی حمایت حاصل، سپریم کورٹ حکومت کی ضمنی انتخابات میں مداخلت کا نوٹس لے اور حمزہ شہباز کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شکست کو دیکھتے ہوئے پنجاب حکومت نے سرکاری وسائل کا رخ ضمنی حلقوں کی طرف کر دیا ہے، سیکرٹری جنرل تحریک انصاف اسد عمر نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری بار بار پارٹی لائن کراس کررہے ہیں اور ن لیگ کی ہر پارٹی میٹنگ میں بیٹھے نظر آتے ہیں، پنجاب حکومت پری پول دھاندلی کی مرتکب ہورہی ہے، الیکشن کمیشن کو مسلسل پنجاب حکومت کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کررہے ہیں، الیکشن کمیشن تعصب کا مظاہرہ کر رہا ہے، الیکشن کمیشن پنجاب حکومت کے خلاف کارروائی کرے۔