راولپنڈی(سٹاف رپورٹر ) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے عید الضحٰی کی تعطیلات کے موقع پر مری جانے والے سیاحوں کیلئے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا۔چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد کے حکم پر ڈیوٹی آفیسر ٹریفک ہیڈ کوارٹر محمد وسیم نے عید الضٰحی کی تعطیلات کے دوران مری میں سیاحوں کو ٹریفک کی ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر جامع اور منظم ٹریفک پلان مرتب کر لیا۔سیاحوں کو ہرممکنہ سہولیات فراہم کرنے اور ٹریفک کی روانی کو احسن طریقے سے برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے 360سے زیادہ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ نو پارکنگ کے خاتمہ اور بروقت مدد کیلئے کرین اور اضافی لفٹر ز بھی مہیا کئے گئے ہیں ۔ سیاحوں کی سہولت اوررہنمائی کیلئے سنی بینک میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے ۔اس حوالے سے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد نے کہاہے کہ مری میں تقریباً ساڑھے تین ہزارگاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش ہے مری کی شاہراہیں دو طرفہ اور تنگ ہیں لہذا ضلعی انتظامیہ کے احکامات کے پیش نظر مری میں صرف 8ہزارگاڑیوں کے داخلہ کی اجازت ہو گی جس پر عملدر آمد کروانے کیلئے مری کے تمام داخلی و اندرونی راستوں پر تینوں شفٹوں میں خصوصی چیکنگ و کائونٹنگ پکٹس قائم کی جائیں گی ،جہاں صرف لائسنس ہولڈر ڈرائیورز اور مکینکلی طور پر فٹ گاڑیوں کو مری میں داخلے کی اجازت دی جائے گی اس کے ساتھ مری جانے والے سیاحوں میں مر ی کے راستوں کے متعلق آگاہی و احتیاطی تدابیر کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے جائیں گے ۔ہیوی ٹریفک کو مخصوص وقت سے پہلے مری شہر میں داخلہ کی اجازت نہیں ہو گی ۔ سی ٹی اونے کہاکہ مری کی سات شاہراہوں کو ون وے قرار دیا گیا ہے جبکہ رش کے دوران لائن و لین کی پابندی کروانے کے لیے اضافی پیٹرولنگ آفیسربھی تعینات کیے گئے ہیں تا کہ ڈبل لائن کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ سی ٹی او نے کہاکہ مری کے رش والے مقامات جن میں جی پی او چوک ، کشمیر پوائنٹ، سنی بینک،چوک، لاری اڈہ، کلڈنہ چوک، جھیکا گلی چوک، پی سی بھوربن روڈ، باڑیا ں روڈ، نیو مری شامل ہیں کے علاوہ دیگر اہم پوائنٹس پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جو کہ ٹریفک کی روانی کو برقرا ر رکھنے کے ساتھ سیاحوں کی مدد و رہنمائی بھی کرے گی۔ ا سی ٹی اونے کہاکہ مری آنے والے سیاحوں سے گزارش ہے کہ مری شہر میں بلا رکاوٹ ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے ٹریفک پولیس کی طرف سے دی گئی ہدایات پر عمل کریں اور شاہراہوں پر موجود ٹریفک اہلکاروں سے تعاون کریں، اپنی گاڑی کو مناسب جگہ پردرست پارک کریں، حادثات سے محفوظ سفر کیلئے جلد بازی اور غلط اوور ٹیکنگ سے گریز کریں،دوران ڈرائیونگ تحمل مزاجی کا مظاہرہ کریں اور ڈبل لائن ہر گز نہ بنائیں،تنگ سڑک ہونے کے کی وجہ سے روڈ کنارے غلط پارکنگ کر کے سیلفیاں بنانے سے گریز کریں ۔ چیف ٹریفک افسرنے کہاکہراولپنڈی ٹریفک پولیس ریڈیو سٹیشن 88.6اور آفیشل سوشل میڈیا پیجز کے ذریعے شہریوں کو مری کی صورتحال کے متعلق گاہے بگاہے آگاہی فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ مری جانیوالے سیاح دوران سیاحت ٹریفک سے متعلقہ کسی قسم کی مدد و رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن نمبر 0519269200 اور 03077770598پر رابطہ کر سکتے ہیں۔