• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پی او راولپنڈی کا شہید کانسٹیبل کے گھر‘ شٹل سروس اور مری کا دورہ

راولپنڈی‘ مری (سٹاف رپورٹر‘ نمائندہ جنگ) سی پی او سید شہزاد بخاری عید الاضحی پر کانسٹیبل محمد زعفران شہید کے گھر گئے۔ ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان‘ ایس پی ہیڈ کوارٹرز طارق محبوب اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔ سی پی او نے شہید کے بچوں سے ملاقات کی اور انہیں تحائف دیے۔ سی پی او پولیس کالونی میں پولیس افسروں اور اہلکاروں کے بچوں سے عید بھی ملے اور انہیں عیدی دی۔ بعدازاں سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بھارہ کہو مری شٹل سروس ٹریمنل کا دورہ کیا۔ چیف ٹریفک آفیسر نوید ارشاد اور دیگر سینئر افسران بھی ہمراہ تھے۔ سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مری آنیوالے سیاحوں کی سہولت اور تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ سی پی او نے ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ملکہ کوہسار مری کا بھی دورہ کیا۔ ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان، چیف ٹریفک آفیسر، ایس پی کوہسار، ایس پی سکیورٹی اور سینئر افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔ سی پی او نے مری ٹورازم پولیس اور تعینات نفری کو موثر سروس ڈلیوری کی ہدایات دیں۔ مری جی پی او چوک اور مال روڈ پر سی پی او نے کہا کہ سیاحوں کے تحفظ اور سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ ادہر سی پی او کی سربراہی اور سی ٹی او راولپنڈی کی زیر نگرانی سٹی ٹریفک پولیس نے عیدالاضحیٰ کے دوران مری آنیوالے سیاحوں کیلئے بہترین انتظامات کئے۔ ٹریفک پولیس کے 360سے زائد افسران و جوانوں نے فرائض سرانجام دیئے۔ سی ٹی او راولپنڈی مری میں موجود رہ کر ٹریفک انتظامات کی خود نگرانی کرتے رہے۔ عید تعطیلات کے دوران ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی 32ہزار سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی نوید ارشاد نے کہا کہ دوران ڈیوٹی بہترین حکمت عملی اور ٹریفک پلان پر عملدرآمد کرواتے ہوئے مری کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھاگیا۔
اسلام آباد سے مزید