پشاور(نیوز رپورٹر)صدر مملکت کی منظوری کے بعد وفاقی وزارت قانون و انصاف نے پشاور ہائیکورٹ کے تین نئے ایڈیشنل ججز کی تعیناتی کااعلامیہ جاری کردیاجس کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 20ہوگئی ہے ، گزشتہ روز سیکر ٹری وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق ججز کیڈر سے فضل سبحان، شاہد خان اور خورشید اقبال خان کو ایک سال کی مدت کےلئے پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججز کے طور پر تعینات کردیاگیا ہے۔ان ججز کو آئین کے آرٹیکل 197کے تحت تعینات کیا ہے ، ان ججز کی تعیناتی کے بعد پشاور ہائیکورٹ میں ججز کی تعداد 20ہوگئی ہے ، واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی نے تین ڈسٹرکٹ سیشن ججز فضل سبحان، شاہد خان اور خورشید اقبال کی پشاور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل ججزکی حیثیت سے تعیناتی کے کیسزجوڈیشل کمیشن آف پاکستان کو واپس ارسال کردیئے تھے تاکہ سنیارٹی کی بنیاد پر ان کا جائزہ لیاجاسکا تاہم علی عظیم آفریدی ایڈوکیٹ اور دیگر وکلاءنے اس اقدام کیخلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔