لاہور( نمائندہ جنگ ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو ہو گیا سو ہو گیا اسٹیبلشمنٹ سے نہیں لڑنا چاہیے ، 45 دن میں قوم کو سب پتہ چل جائے گا،رانا ثناء مجھے گرفتار کرنا چاہتے ، حکومت نے پریشانی کے عالم میں میری سیکیورٹی واپس لے لی۔ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 20 سیٹوں پر اہم الیکشن ہونے جارہے ہیں ، یہ الیکشن آئندہ عام انتخابات کا بھی فیصلہ کرے گا ، قوم توقع رکھتی ہے ضمنی الیکشن میں مداخلت نہیں ہوگی ، شفاف الیکشن ہونے دیں اس میں آپ کی عزت ہے ، فیئر الیکشن نہ ہوئےتو عوام سارا ملبہ آپ پر ڈال دیں گے اور اگرانتخابات میں دھاندلی ہوئی تو عمران خان کال دیں گے۔ سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت کا دماغ کام نہیں کر رہا ، مجھے معلوم ہے رانا ثناء مجھے گرفتار کرنا چاہتے ہیں ، حکومت نے پریشانی کے عالم میں پرسوں میری سیکیورٹی واپس لے لی ، یہ سیکیورٹی تب ملتی ہے جب 5 سیکرٹری بیٹھ کر فیصلہ کرتے ہیں ، اپنی وزارت میں کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا ، اگر مجھے گرفتار کرنا ہے تو کر لیں لیکن اس کا صلہ ضرور ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کل میڈیا کو خبر دی گئی کہ اینٹی کرپشن نے مجھے بلایا ہے حالاں کہ مجھے کوئی نوٹس نہیں ملا۔ دوسری طرف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے اینٹی کرپشن میں طلبی کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔