حیدرآباد (بیورو رپورٹ)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ حیدرآباد میں بلال کاکا قتل واقعہ اتفاقی نہیں ہے۔ وہ حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر سید جلال محمود شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی سرکار اس واقعہ میں ملوث سازشی ہاتھ ظاہر کرے جبکہ پشتون بھائی بغیر سوچے سمجھے افغانیوں کی مدد کرنے سے گریز کریں قومی کارکنان اشتعال انگیزی میں نہ آئیں، سندھ میں رہنے والے پشتون ہمارے بھائی ہیں لیکن افغانی غیر ہیں جنہیں ان کے اپنے ملک بھیجنے کے لیے سندھ سمیت وفاقی حکومت بندوبست کرے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کوئی بھی سرداری یا قبائلی نظام نہیں ہے ہم کسی سے بھی ناجائز نہیں کرنا چاہتے‘ بلال کاکا کے افغانی قاتلوں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کہتے ہیں کہ یہ سازش ہے تو پھر وزیراعلیٰ بتائیں کہ یہ سازش کون کر رہا ہے اسے ظاہر کیا جائے اور ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس سازش میں پیپلز پارٹی حکومت سازش کرنے والوں کے ساتھ ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قانون پر عمل درآمد نہیں ہوگا یقیناً انارکی پھیلے گی اور ہر شہری قانون ہاتھ میں لینے پر مجبور ہوگا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ کی حالیہ صورتحال پر سندھ ایکشن کمیٹی کا آج 16 جولائی 2022ءکوجی ایم سید ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے اور اس اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ پریس کانفرنس کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔