• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنگ مرمر یا اورنج ٹرین نہیں جینے کیلئے پینے کا پانی دو، گوادر حق دو تحریک

گوادر (اکبر جندانی،نامہ نگار) گوادر میں پانی کے مصنوعی بحران کے خلاف حق دو تحریک کےکارکنان کا محکمہ پبلک ہیلتھ ، جی ڈی اے اور ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ، محکمہ پبلک ہیلتھ کےافسران و اہلکاردفتر چھوڑ کر بھاگ نکلے ،انتظامیہ اور اداروں کی بےحسی پر شدید احتجاج کیاگیا ،مظاہرین کاکہناتھاکہ ہمیں سنگ مرمر ،اورنج ٹرین اور دیگر حکومتی وسائل نہیں بلکہ زندہ رہنے کے لیے پینے کا پانی چاہیے، اداروں کے افسران کرپٹ ہیں وسائل کی لوٹ مار اور آپسی چپقلش پر انہیں پیاسے عوام کا کوئی فکر نہیں۔تفصیلات کے مطابق گوادر میں گزشتہ کئی دنوں سے پینے کے پانی کے مصنوعی بحران کے خلاف حق دو تحریک کے کارکنان نے تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان کی قیادت میں محکمہ پبلک ہیلتھ آفس کے سامنے دھرنا دیا اور شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا ، اس موقع پر حق دو تحریک کے کارکنان کی پبلک ہیلتھ آفس پہنچنے کی خبر سن کر ادارے کے افسران و اہلکاردفترچھوڑ کر بھاگ نکلے ، حق دوتحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الر حمان ، بزرگ سیاسی رہنما حسین واڈیلا ، شریف میاں ، ماجد جوہر و دیگر نے محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی غیر ذمہ داری اورپانی کے مصنوعی بحران پر اپنی تشویش اور شدید غم وغصے کا اظہار کیا ، انہوںنے کہا کہ اللہ پاک نے اپنی رحمتیں برسائیں، گوادر کے تمام چھوٹے بڑے ڈیمز پانی سے بھر گئے لیکن محکمہ پبلک ہیلتھ نے اپنی ناقص کارکردگی سے گوادر سمیت گردونواح میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا کردیا جس کی وجہ سے گزشتہ کئی دنوں سے ان علاقوں میں پانی کی سپلائی بند ہے اور لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہاں کے باسیوں کو تنگ کرنا ان کا وطیرہ بن گیا ہے ، گوادر ماتھے کا جھومر، میگا سٹی، بگ سٹی ، پورٹ سٹی کا درجہ پاچکا ہے، لیکن یہاں کے لوگ پانی، بجلی،صحت تعلیم انفرااسٹرکچر ، روزگار اورزندگی کی تمام سہولیات سے محروم ہیں ، ہم حکومت یا انتظامیہ سے سنگ مرمر کی سڑکیں ،اورنج ٹرین، نہیں مانگ رہے ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمیں پانی دیا جائے جو ادارہ جی ڈی اے اور محکمہ پبلک ہیلتھ کے افسران کی آپسی چپقلش ، کرپشن کی وجہ سے بند کردیاگیا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر میں پانی کا مصنوعی بحران فی الفور ختم اور گوادر سمیت گردونواح کے ہر علاقے میں پانی کی سپلائی فوری شروع کر دی جائے بصورت دیگر عوامی احتجاج کا سلسلہ مزید سخت کر دیا جائے گا ۔