لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر ہاؤس میں حلف اٹھانے کے فوری بعد وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا،جس میں 4نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب کابینہ نے محرم الحرام خصوصاً یوم عاشور کیلئے فول پروف سکیورٹی پلان کی منظوری دی، پنجا ب میں نویں او ردسویں محرم کو ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، حساس مقامات اور جلوسوں کے راستے پر موبائل سروس بند رہے گی۔وزیراعلیٰ نے صوبہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کیلئے خصوصی امدادی پیکیج پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ صوبائی وزراء، مشیران اور معاونین خصوصی اپنے اپنے اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے۔