کراچی( اسٹاف رپورٹر ) نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے چار رکنی سیکورٹی وفدجس میں ریگ ڈیکاسن، سائمن لیسلے، گریگ مین اور ہیتھ ملز شامل تھے نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اورنیوزی لینڈکرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے متعلق سیکیورٹی انتظامات پرڈی آئی جی سیکورٹی اینڈایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصوداحمد کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس کے دوران بریفنگ لی۔اجلاس میں نیوزی لینڈکرکٹ کے سیکیورٹی وفد،پی سی بی کے اعلیٰ حکام،انٹیلی جنس حکام، ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا، ایس ایس پی ایسٹ سید عبدالرحیم، ونگ کمانڈر سندھ رینجرز بابر جاوید،ایس پی ایس ایس یواظہر مغل، ایس پی ایف ایس سی توحید میمن، ایس پی مددگار 15 حفیظ الرحمٰن، ایس پی گلشن سلیم شاہ، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے حکام اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ڈی آئی جی سیکیورٹی نے وفد کونیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور خاص طور پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے میچز سے متعلق کئے گئے سیکیورٹی انتظامات سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد نے مزید بتایا کہ ایس ایس یو کمانڈوز کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی ہے، جدید ہتھیاروں اورمواصلاتی نظام سے لیس ایس ایس یو کی(SWAT) ٹیم سماج دشمن عناصر کیطرف سے پیدا کی گئی کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ مقصوداحمد کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں آسٹریلوی کرکٹ ٹیم جیسی مختلف بین الاقوامی ٹیمزپاکستان کا کامیاب دورہ کرچکی ہیں جوکہ اس بات کی تائید ہے کہ پاکستان بین الاقوامی کھیلوں کی سرگرمیوں کے لیے محفوظ ملک ہے۔وفد نے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے متوقع میچز کے تناظر میں ایئرپورٹ، اسٹیڈیم،شاہراہوں اور ہوٹل پرکیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیااوران پراطمینان کا اظہار کیا۔مزید برآں وفد نے ایس ایس یو ہیڈ کوارٹرز کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا اورپیشہ وارانہ معیار برقرار رکھنے اور پولیس کمانڈوز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔بعدازاں، نیوزی لینڈ کرکٹ کے وفد نے ڈی آئی جی ڈاکٹر مقصود احمد اور پی سی بی حکام کے ہمراہ نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ بھی کیا۔