تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈلز:علینہ،مشال
ملبوسات:ہیر بائے ایچ ایس
آرایش:دیوا بیوٹی سیلون
عکّاسی:عرفان نجمی
لے آؤٹ: نوید رشید
حفیظ ہوشیار پوری کا شعر ہے ؎ دوستی عام ہے، لیکن اے دوست…دوست ملتا ہے بڑی مشکل سے۔ اسی طرح ایک اور شعر ہے ؎ دوستی خواب ہے اور خواب کی تعبیر بھی ہے…رشتۂ عشق بھی ہے، یاد کی زنجیر بھی ہے۔ بلاشبہ دوستی ایک ایسا اَن مول، بے مثل و بے کنار رشتہ ہے، جو محض ہنسی مذاق، کھیل کود ہی تک محدود نہیں ، بلکہ دو دِلوں کو باہم جوڑ کے رکھنے والا بندھن بھی ہے۔ دوستی کارشتہ، بے شک خونی رشتہ نہیں، لیکن بعض اوقات خونی رشتوں پر بھی فوقیت حاصل کرلیتا ہے۔
اُن سے بھی کہیں زیادہ مضبوط و پائیدار محسوس ہوتا ہے، خصوصاً لڑکیاں بالیاں اپنی دوستیوں کے معاملے میں کچھ زیادہ ہی حسّاس، زود رنج ہوتی ہیں۔ سکھی سہیلیوں کی رفاقت دِل گرفتہ حالات میں نہ صرف جینے کی وجہ بن جاتی ہے، سہیلیوں کی نٹ کھٹ باتوں، شوخیوں میں اداس لمحے بھی خوشیوں کی ساعتوں میں ڈھل جاتے ہیں، بلکہ پھر یہی لمحے زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے مہمیز کا کام بھی کرتے ہیں۔
کبھی کبھی دو بہنیں بھی ایک دوسرے کی پکّی سہیلیاں بن جاتی ہیں۔ آپ دو سہیلیاں ہیں یا دو بہنیں، آج کی بزم آپ ہی کے لیے ہے۔ ذرا دیکھیے، ایک سہیلی کے تربوزی رنگ ساٹن سِلک پلین شرارے کے ساتھ فرنٹ اوپن گھیر دار فراک بمع کوٹی کس قدر حسین لگ رہی ہے، تو دوسری کے لائٹ سی گرین پیراہن کی جاذبیت بھی کچھ کم نہیں کہ پلین ٹراؤزر کے ساتھ فُل ایمبرائڈرڈ فرنٹ اوپن فراک کا انتخاب اسٹائلش لُک دے رہاہے۔
پھر ایک جانب سفید ساٹن سِلک فیبرک میں میکسی کے ساتھ سبز، آتشی گلابی، نارنجی اور سفید رنگوں کے حسین متزاج میں چُنری دوپٹا غضب ڈھا رہا ہے، تو دوسری جانب نیوی بلیو رنگ پاجامے اور فراک کی دِل آویزی بھی خُوب ہی ہے، خاص طور پر فراک کے گھیر پر سفید دھاگے کے کام کا جواب نہیں۔ تیسرے کامبی نیشن میں ایک ہم جولی نے ٹی پنک رنگ ٹیولپ شلوار کے ساتھ ایمبرائڈرڈ ڈبل لیئر کُرتے کا انتخاب کیا ہے، تو دوسری کی بیج رنگ ٹیولپ شلوار کے ساتھ ایمبرائڈرڈ قمیص بھی خُوب جچ رہی ہے۔
مل بیٹھ کے خوش گپیاں کر نے کا پروگرام ہو یا کسی تقریب میں اکھٹے شریک ہونے کا ارادہ، اس انتخاب سے بہتر چوائس کوئی ہو ہی نہیں سکتی۔