راولپنڈی (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی کا عہدہ کئی ماہ سے خالی ہونے کی وجہ سے بورڈ کے معاملات پیچیدہ ہو گئے۔ اس سے پہلے کمشنر راولپنڈی کو عارضی چارج دیا گیا تھا مگر انکے ٹریننگ پر جانے سے عہدہ خالی ہو گیا۔ بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کیلئے اشتہار دیا گیا۔ سرچ کمیٹی نے سکرونٹی اور انٹرویو کے بعد تین ناموں عدنان خان، ڈاکٹر شمیم اختر اور پروفیسر نگہت کا نام فائنل کیا۔ فائل حتمی منظوری کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس جانی تھی مگر بیورو کریسی کی کھینچا تانی کی وجہ سے فائل چیف سیکرٹری آفس سے آگے نہ جا سکی۔ ادہر تعلیمی بورڈ راولپنڈی میں چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے پر ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔ انہوں نے پیر سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ ایک ماہ گزرنے کے باوجود چیئرمین کی تعیناتی نہ ہونے کی وجہ سے بورڈ انتظامی اور مالی مشکلات کا شکار ہو گیا ہے جس کی وجہ سے بورڈ کی گاڑیوں کا پٹرول‘ بجلی کا بل اور دیگر ادائیگیاں آخری تواریخ گزرنے کے باوجود چیئرمین کے نہ ہونے کی وجہ سے نہیں ہو پائیں جبکہ طلباء و طالبات کے نتائج ری چیکنگ کے بعد رزلٹ کی اشاعت سمیت دیگر مسائل پیدا ہو چکے ہیں۔ 30ستمبر کو تنخواہوں کی ادائیگی کا معاملہ بھی لٹک چکا ہے۔ گزشتہ روز نکالی گئی ریلی میں صدر ویلفیئر ایسوسی ایشن راجہ عثمان شہزاد‘ جنرل سیکرٹری عمران یونس نے خطاب کرتے ہوئے انتباہ کیا کہ 3اکتوبر تک تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر قلم چھوڑ ہڑتال اور دفاتر کی تالا بندی کر دینگے جبکہ 6اکتوبر کو ہونیوالے امتحان کا بھی بائیکاٹ کرینگے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔