اسلام آباد (تجزیاتی رپورٹ:حنیف خالد) پنجاب کے سیکرٹری خوراک نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ گندم‘ آٹے‘ میدے‘ سوجی‘ فائن‘ چوکر کے بارے میں حکومتی آرڈر کو ہر صورت عملی جامہ پہنانا ہو گا۔ صوبے بھر میں گندم کے جو پرمٹ محکمہ خوراک جاری کریگا اسکے مطابق گندم کی نقل و حرکت میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائیگی۔ چیک پوسٹوں پر پرمٹ والے مال پر کوئی قدغن نہیں ہو گی لیکن پنجاب سے غیر قانونی طور پر گندم کی باہر اسمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکا جائیگا۔ محکمہ خوراک پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کا بندوبست کریگا۔ راولپنڈی ڈویژن کیلئے سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھایا جائیگا۔ سرکاری گندم کے 10کلو آٹے کی بلیک مارکیٹنگ نہیں ہونے دینگے۔ وہ پیر کو ڈویژنل کمشنر راولپنڈی کے آفس میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن اور فلور ملز مالکان کے ایک کلیدی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ راولپنڈی ڈویژن شاہد یعقوب‘ راولپنڈی کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے وائس چیئرمین عاطف ندیم مرزا‘ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینئر عہدیدار طارق صادق شیخ‘ ریاض اللہ‘ رضا شاہ‘ طارق سیٹھی‘ رضوان فاروقی‘ چکوال کے ڈی ایف سی محمد مسلم بھی اجلاس میں موجود تھے۔ فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے سیکرٹری فوڈ نادر چٹھہ کو یقین دلایا کہ راولپنڈی اسلام آباد کی سوا دو سو فلور ملیں حکومت پاکستان کی ہر پالیسی کو کامیاب بنائیں گی‘ البتہ محکمہ خوراک پنجاب انہیں جو پرمٹ جاری کرے اُس پرمٹ پر جنوبی پنجاب‘ مظفر گڑھ‘ لیہ وغیرہ سے گندم راولپنڈی‘ جہلم‘ چکوال‘ اٹک اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد لانے میں آجکل جو مشکلات ہیں اُن کا ازالہ انتہائی ضروری ہے۔