تحریر : عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ماہا انجم
ملبوسات: Ben Zar
By Zoheeb
آرایش: بیلا ڈونا بیوٹی سیلون
بائے رابعہ بی
عکاّسی: ایم کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
فنا بلند شہری کا ایک شعر ہے؎ ’’کر کے سنگھار آئے، وہ ایسی ادا کے ساتھ…آئینہ اُن کو دیکھ کر حیران ہو گیا۔‘‘ تو واقعی جب لڑکیاں بالیاں کچھ بننے سنورنے کا اہتمام کرلیں، تو نہ صرف اُن کی ادائیں، جلوے ذرا شوخ وچنچل،دل کش و دل رُبا سے ہوجاتے ہیں، بلکہ قدم بھی زمیں پر ٹکتے دکھائی نہیں دیتے۔ اور آج ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے ہی حسین و دِل کش رنگ و انداز کے اسٹائلش اوردیدہ زیب پہناووں سے مرصّع کی ہے کہ اِن میں سے جو پیراہن منتخب کرلیں گی، اپنے پیارے سب ہی دیکھتے ہی رہ جائیں گے۔
ذرا دیکھیے،سیاہ رنگ ایمبرائڈرڈ شرارے کے ساتھ کام دار آرگنزا قمیص کس قدر دِل آویز لگ رہی ہے،تو کام دار دوپٹے کا جداگانہ انداز بھی کچھ کم حسین نہیں۔ پھر شیفون کے کریم رنگ پیراہن کی سج دھج کا بھی جواب نہیں کہ کلیوں والی قمیص پر سلمے دبکے اور دھاگے کے خوش نُما کام کے ساتھ ستارہ ورک کِھل رہا ہے۔
اِسی طرح پِیچ رنگ ٹراؤزر، قمیص کا لُک بھی اسٹائلش ہے کہ سِلک ٹراؤزر کے باٹم پر ایمبرائڈری ہے، تو قمیص کے فرنٹ پر انتہائی نفیس و خُوب صُورت دھاگے، دبکے اور موتی کا کام دِل موہ رہا ہے، جب کہ سیاہ رنگ کے ایک اور پیراہن کی تو کیا ہی بات ہے۔ سِلک ٹراؤزر کے ساتھ کام دار آرگنزا قمیص کا انتخاب کیا گیا ہے، جس پر کہیں کہیں ستارے بھی ٹانکے گئے ہیں، تو ساتھ کام دار آرگنزا دوپٹا بھی خاصا جچ رہا ہے۔