• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت تعلیم سے کیمبرج کو اسکولز میں براہ راست امتحانات کی اجازت

کراچی(سید محمد عسکری) وفاقی وزارت تعلیم نے او اور اے لیول کرانے والے ادارے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کوپاکستان میں براہ راست اسکولوں میں امتحانات کرانے کی اجازت دیدی ہے جس کے تحت اب کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکشن برٹش کونسل کے بغیر امتحانات لے سکے گا۔ نمونے کے طور پر یہ امتحانات پاکستان کے 10؍ اسکولوں میں آئندہ سال مئی/جون 2023 میں لئے جائیں گے۔ اس بات کی منظوری بدھ کو ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم وسیم اجمل کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الدین، سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مسرور شیخ، لاہور تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر مرزا حبیب، فیڈرل بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر قیصر عالم، پشاور بورڈ کے چیئرمین پروفیسر نصراللہ، آغان خان بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر شہزاد جیوا، سیکرٹری آئی بی سی سی ڈاکٹرغلام علی ملاح اور پاکستان میں کیمبرج کی سربراہ عظمی یوسف اور ان کی ٹیم نے شرکت کی۔ اجلاس میں کیمبرج سے کہا گیا کہ جب وہ براہ راست اسکولوں میں امتحان لے گا اور امتحانی مراکز فائیو اسٹار ہوٹلوں میں قائم نہیں ہوں گے تو اس کا فائدہ طلبہ کو امتحانی مد میں 30سے 50؍ فیصد تک رعایت کی صورت میں ملنا چاہیے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ اسکولوں میں امتحانی مراکز پر شفافیت کو برقرا رکھا جائے سپروائزر اور انویجیلیٹرز بیرونی ہوں گے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے اقدام سے متعلق تفصیلات کی منظوری آئی بی سی سی کے آئندہ اجلاس میں لی جائیں۔ واضح رہے کہ کیمبرج کی پاکستان میں سربراہ عظمیٰ یوسف نے وزارت تعلیم کے حکام کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ کیمبرج اسسمنٹ، برٹش کونسل کے ساتھ شراکت میں پاکستان میں آپریشنز کے انتظام کے لیے کام کر رہی ہے تاہم باقی دنیا میں کیمبرج اپنی اہلیت فراہم کرنے کے لیے اسکولوں کے ساتھ براہ راست کام کرتا ہے تاہم پوری دنیا میں 30؍ فیصد امتحانی امور برٹش کونسل کے ذریعے انجام پاتے ہیں، جبکہ 70؍ فیصد براہ راست ماڈل کے ذریعے یا دیگر ساتھیوں کے ذریعے کیے جاتے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ہم اس ماڈل کو پاکستان بھر کے 10؍ اسکولوں کے پائلٹ کے ساتھ شروع کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اس ماڈل کے تحت مئی/جون 2023 میں پہلے امتحانات ہوں گے ان 10؍ اسکولوں میں بیکن ہاؤس مارگلہ کیمپس اسلام آباد، بیکن ہاؤس پی ای سی ایچ ایس کیمپس کراچی، بیکن ہاؤس ڈیفنس کیمپس لاہور، دی سٹی اسکول کیپٹل کیمپس، اسلام آباد، دی سٹی اسکول راوی کیمپس لاہور، دی سٹی اسکول پی اے ایف چیپٹرکراچی، ایچی سن کالج لاہور، کراچی گرامر اسکول کراچی، لاہور گرامر اسکول ڈیفنس کیمپس لاہور اور روٹس اسکول سسٹم، اسلام آباد شامل ہیں۔ خط میں وزارت تعلیم سے کہا گیا تھا کہ آپ ہمارے کاموں کو کام کرنے کے عالمی طریقوں کے مطابق بنانے کے لیے ہمارے اقدام کی حمایت کریں گے تاکہ ہم پاکستان میں مسلسل اعلیٰ معیار کی خدمات کو یقینی بنا سکیں۔ دریں اثناء کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے ترجمان نے پاکستان میں برٹش کونسل کے ساتھ شراکت داری کو ختم کرنے کی خبرکوغلط قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ دنیا کے بہت سے دوسرے ممالک کی طرح ہم پاکستان میں اسکولوں کو ہمارے ساتھ براہ راست یا برٹش کونسل کے ذریعے کام کرنے کا انتخاب پیش کر رہے ہیں۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ پاکستان میں اسکولوں کی بہت کم تعداد برٹش کونسل کے ذریعے ہمارے ساتھ کام جاری رکھنے کے لیے کیمبرج اسکولوں کی اکثریت کے ساتھ براہ راست ہمارے ساتھ کام کرے گی۔ وہ اسکول جو ہمارے ساتھ براہ راست کام کرنے کے اہل ہیں، انہیں ہمارے سخت عالمی گورننس کے معیارات اور پالیسیوں بشمول ہمارے امتحانات کی محفوظ اور محفوظ ترسیل کی پابندی کرنی ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید