• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اربن پراپرٹی ٹیکس محکمہ ایکسائز سندھ سے بلدیات کو منتقل

کراچی(اسٹاف رپورٹر)اربن پراپرٹی ٹیکس محکمہ ایکسائز سے محکمہ بلدیات سندھ کو منتقل کردیاگیا ۔تفصیلات کے مطابق سندھ کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد اربن پراپرٹی ٹیکس مینجمنٹ کا شعبہ محکمہ ایکسائز سندھ سے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ سندھ کو منتقل کردیا گیا ہے‘ اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ ڈپارٹمنٹ پراجیکٹ کے دفتر میں تقریب کا انعقاد کیا گیا‘اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سیدناصرشاہ نے کہا کہ اربن پراپرٹی ٹیکس وصولی کا شعبہ محکمہ بلدیات سندھ کو منتقل کیا جارہا ہے جس سے مقامی یونین کونسلوں کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ ہونے کی امید ہے‘اس موقع پر محکمہ بلدیات سندھ، پاکستان پوسٹ، سندھ بینک اور ون لنک کے درمیان معاہدہ بھی تشکیل پایا ‘ سیکرٹری بلدیات نے کہا کہ کمیٹیوں کی سفارشات اور کابینہ کی باقاعدہ منظوری کے بعد اربن پراپرٹی ٹیکس وصولی کا شعبہ جولائی 2022سے باضابطہ طور پر مقامی کونسلوں کو منتقل کیاگیا ہے جس کا دائرہ اختیار پورے سندھ کی یونین کونسلوں پر لاگو ہوتا ہے‘ فی الوقت کراچی میں قابل ٹیکس یونٹس کی تعداد آٹھ لاکھ چالیس ہزار ہے جس کو بتدریج بڑھایا جائے گا‘ پراپرٹی ٹیکس کا چالان فارم پاکستان پوسٹ کی مدد سے پراپرٹی یونٹس تک پہنچایا جائے گا اور ٹیکس کی ادائیگی میں آسانی اور مالیاتی شفافیت کے لئے صارفین کو آن لائن یا کسی بھی بینک سے ادائیگی کی سہولت دی گئی ہےمحکمہ ایکسائز کے پراپرٹی ٹیکس ونگ کو عرصہ تین سال کے لئے مقامی بلدیاتی کونسلوں کے ساتھ استوار کیا جارہا ہے تاکہ ٹیکس وصولی بہترین انداز سے سر انجام پاسکے۔
اہم خبریں سے مزید