اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی،اصلاحات وخصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے،کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا،عمران خان نے پاکستانی اداروں کے خلاف مذموم مہم چلا رکھی ہے، وہ فارن فنڈنگ کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں، گزشتہ حکومت نے سی پیک منصوبوں پر توجہ نہیں دی، اتحادی حکومت سی پیک منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے،سی پیک منصوبوں کو آگے بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو 11ویں جے سی سی اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے منصوبوں پر تیزی سے کام کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہیں ، پاکستان ریلوے ایم ایل ون ایک سٹریٹجک منصوبہ ہےجس کے فریم ورک معاہدے پر پہلے ہی دستخط کر چکے ہیں ۔