• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی شہری سیف اللّٰہ پراچہ گوانتانا موبے جیل سے رہا


گوانتانا موبے جیل میں قید پاکستانی شہری سیف اللّٰہ پراچہ کو رہا کر دیا گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور دفترِ خارجہ کے ترجمان نے پاکستانی شہری سیف اللّٰہ پراچہ کی گوانتانا موبے جیل سے رہائی کی تصدیق کی ہے۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سیف اللّٰہ پراچہ امریکا میں واقع گوانتا نامو بے جیل میں قید تھے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ سیف اللّٰہ پراچہ رہائی کے بعد پاکستان پہنچ چکے ہیں، وزارتِ خارجہ نے ان کی وطن واپسی کے لیے انٹر ایجنسی پراسیس انجام دیا۔

وزیر ِخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ بیرونِ ملک قید پاکستانی آج اپنے خاندان کے ساتھ ہے۔

73 سالہ سیف اللّٰہ پراچہ 16 برس قید رہے

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ دنوں کیوبا میں قائم امریکی حراستی مرکز گوانتا نامو بے میں قید سب سے پرانے قیدی 73 سالہ پاکستانی شہری سیف اللّٰہ پراچہ کو رہا کرنے کی منظوری دی تھی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پاکستانی شہری سیف اللّٰہ پراچہ القاعدہ سے تعلق کے شبہے میں 16 سال سے گوانتا نامو بے جیل میں قید تھے۔

سیف اللّٰہ پراچہ پر کسی قسم کی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی تھی، جس پر ان کے وکیل نے قیدیوں کے نظرِ ثانی بورڈ سے رجوع کیا تھا۔

بورڈ کے سامنے سیف اللّٰہ پراچہ 8 مرتبہ پیش ہوئے تھے، بورڈ نے انہیں دیگر 2 قیدیوں سمیت بری کرتے ہوئے رہا کرنے کی سفارش کی تھی۔

سیف اللّٰہ پراچہ کو 2003ء میں تھائی لینڈ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔

قومی خبریں سے مزید