• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

FIA نے فارن فنڈنگ کیس کو منی لانڈرنگ کیس میں تبدیل کر دیا، عمران مرکزی ملزم

کراچی(این این آئی)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے فارن فنڈنگ کیس کو منی لانڈرنگ کیس میں تبدیل کرتے ہوئے عمران خان کو مرکزی ملزم نامزد کردیاجسکے تحت انہیں طلبی کا نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے اور پیش نہ ہونے پر ان کی گرفتاری کے امکانات ہیں۔

 نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے کراچی کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں عمران خان کو 31 اکتوبر کو طلبی کا دوسرا نوٹس اْن کی رہائش گاہ بنی گالہ اور زمان پارک لاہور کی رہائش گاہ کے ایڈریس پر بھیجا گیا ہے۔

عمران خان کو ہدایت کی گئی کہ وہ پیر 31اکتوبر کو ایف آئی اے کراچی کے سامنے دستاویزات کے ساتھ حاضر ہوں۔

ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا کہ عمران خان نے بیرون ملک سے آنے والی کروڑوں روپے کی رقم اسلام آباد میں قائم نجی بینک کی جناح ایونیو برانچ سے نکلوائی اور اکاؤنٹ خود استعمال کیا۔

ذرائع کے مطابق اگر عمران خان ایف آئی اے کے سامنے پیش نہ ہوئے تو اْن کو گرفتار کرنے کا امکان ہے کیونکہ پی ٹی آئی چیئرمین نے حفاظتی ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع نہیں کیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق فارن فنڈنگ کیس میں کراچی سے پی ٹی آئی کے تین اہم رہنماوں کی گرفتاری کا بھی امکان ہے جبکہ پیر کو عمران کے پیش نہ ہونے پر اگلے ہفتے ایف آئی اے کراچی کی ٹیم کاعمران کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد یا لاہور روانہ ہوگی۔

اہم خبریں سے مزید