اسلام آباد ( جنگ نیوز) ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خاتمے کیلئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مارکیٹ ایسوسی ایشنوں کے نمائندگان پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تا کہ مشترکہ کوششوں سے اس دیرینہ مسئلے کو حل کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیمبر کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے صدر احسن ظفر بختاوری کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔سابق معاون خصوصی برائے وزیراعظم حنیف عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ان کی خواہش ہے کہ اسلام آباد جیسے حساس شہر میں تاجر دوست ماحول کو فروغ دے کر کاروبار اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر کیا جائے ۔اسلام آباد چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے معاملات پر تاجروں پر مقدمات قائم کر نے اور ان کو جیل بھجوانے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد انتظامیہ اور تاجر برادری مل کر ہی ملک کی بہتری کیلئے آگے بڑھ سکتے ہیں ۔گروپ لیڈر خالد اقبال ملک ، اجمل بلوچ ۔ کاشف چوہدری نے بھی ا س موقع پر اپنے خیالات کااظہار کیا۔