کراچی (این این آئی/اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے علاقے گلبرگ بلاک 12میں پولیس مقابلے میں تین ڈاکوؤں کی ہلاکت کے سلسلے میں انکشاف ہوا ہے کہ ان میں سے ایک ڈاکو غلام یاسین بھیو سکھر سمیت سندھ بھر کی پولیس کو انتہائی مطلوب تھا، غلام یاسین بھیو کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر ایک کروڑ روپے انعام مقرر تھا، ہلاک ملزم کے خلاف سندھ بھر کے مختلف تھانوں میں 53 مقدمات درج ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہلاک ملزم درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب غلام یاسین بھیو ہے، جس پر ایک کروڑ روپے انعام کی سفارش کی گئی تھی۔ ملزم غلام یاسین بھیو پر بھاری انعام زندہ یا مردہ گرفتاری پر تھا۔ ہلاک ملزم کے خلاف مختلف تھانوں میں 53 مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف کار لفٹنگ، اسنیچنگ، ڈکیتی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات تھے۔ ملزم پر دہشت گردی، فراڈ، غیرقانونی اسلحہ کے مقدمات بھی تھے۔ ہلاک ملزم کے خلاف سکھر سمیت سندھ بھر میں 35مقدمات درج تھے اور اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے تھی، جن میں گلشن اقبال میں 9، شارع فیصل میں 8، عزیزبھٹی میں 8، گلستان جوہر میں 6، سچل میں 4، بہادرآباد میں 3، سکھر اے سیکشن میں 2 اور سہراب گوٹھ تھانے میں2 مقدمات درج تھے۔ اسٹاف رپورٹر کے مطابق گلبرگ میں گزشتہ روز پولیس کے ہاتھوں مارے جانیوالے تین ڈاکوؤں میں سے ایک ڈکیت انتہائی مطلوب کار لفٹر نکلا جس کی سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر تھی۔ اس بات کا انکشاف ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے جمعہ کو کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔