کراچی (جنگ نیوز) فٹبال ورلڈکپ کا میلہ اتوار سے دوحا میں میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان میچ سے سجے گا۔ قطر ورلڈکپ کھیلنے والا دنیا کا 80واں ملک بن جائے گا۔ دفاعی چیمپئن اور فیورٹ فرانس 23 نومبر کو آسٹریلیا کیخلاف اپنی مہم شروع کریگا۔ 1930 سے اب تک مجموعی طور پر 20 بار ورلڈکپ کا انعقاد ہوچکا ہے اور جس میں سب سے زیادہ پانچ بار برازیل کو عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ وہ اس سال بھی ٹرافی کا مضبوط امیدوار ہے۔ ان کے علاوہ ارجنٹینا، پرتگال اور بیلجئم بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔ اعدادو شمار مطابق اب تک صرف 8 ممالک کو ورلڈکپ جیتنے کا اعزاز ہے۔ برازیل کے علاوہ جرمنی اور اٹلی چار، چار، ارجنٹینا، فرانس اور یوراگوائے دو،دو جبکہ انگلینڈ اور اسپین ایک ایک بار چیمپئن بن چکے ہیں۔