راولپنڈی (نمائندہ جنگ) دھمکی آمیزکال موصول ہونے پرسابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اورلال حویلی کی سیکورٹی بڑھادی گئی۔ ذرائع کے مطابق بدھ کی سہ پہر تین بج کر35منٹ پر سی پی او آفس راولپنڈی کے لینڈ لائن فون نمبر پر ایک کال موصول ہوئی جو آفس کے ٹیلی فون آپریٹرشاہ رخ نے ریسیوکی ۔کالرنے اپنانام ارشدانصاری بتایا اوردھمکی دی کہ آج رات شیخ رشیدپرحملہ ہوگا ،ذرائع کاکہناہے کہ یہ کال نیٹ سے کی گئی ،جس کے بعد راولپنڈی پولیس نے شیخ رشیداحمدکے بھتیجے اوررکن قومی اسمبلی شیخ راشدشفیق کو دھمکی آمیزکال بارے آگاہ کیا اورسابق وفاقی وزیر کو سیاسی سرگرمیاں محدود کرنے کا مشورہ دیا۔ بعدازاں تھانہ وارث خان کے علاقہ میں واقع سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیداحمدکی رہائش گاہ اور آفس لال حویلی کی سیکورٹی بڑھادی گئی ۔ذرائع کاکہناہے کہ لال حویلی میں ایلیٹ فورس کا اضافی سیکشن تعینات کردیاگیاہے ،جب کہ شیخ رشیداحمدکے ہمراہ بھی سیکورٹی ڈیوٹی میں اضافہ کردیاگیاہے ، ۔ ادھر تھانہ سول لائنز میں ان کے ڈی ایف سی کی مرتب کردہ ڈائری کی بنیاد پر25ڈی ٹیلی گراف ایکٹ اور506ت پ کے تحت ایف آئی آردرج کرلی گئی ہے۔