• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاڑکانہ کا خطرناک مفرور دہشت گرد کراچی سے گرفتار 10 لاکھ روپے انعام مقرر تھا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایس آئی یو نے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا، ایک ملزم کی گرفتاری پر سندھ حکومت نے10لاکھ روپے انعام مقرر کر رکھا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے خطرناک دہشت گرد، مفرور ملزم امیربخش عرف بٹوولد میاں دادابڑو کو مواچھ گوٹھ حب ریورروڈ سے گرفتار کیا ۔پولیس کے مطابق ملزم اندرون سندھ مختلف علاقوں میں قتل، اقدام قتل، اغوابرائے تاوان،پولیس مقابلہ، ڈکیتی ودیگر دہشت گردی کے مقدمات میں مفرور ہےاور کراچی میں اپنی شناخت چھپاکرمحمدعلی مری ولدمیاں بخش کے نام سے مفروری کاٹ رہا تھا۔ ملزم ضلع لاڑکانہ ضلع قمبرشہدادکوٹ کے مختلف تھانہ جات میں26 سے زائدمقدمات میں پولیس کومطلوب ہے اور ملزم کی زندہ یا مردہ گرفتاری پر حکومت سندھ نے 10 لاکھ روپے انعام مقرر کیا ہوا ہے ۔دوسری کارروائی میں ایس آئی یو کی ٹیم نے مخبرکی اطلاع پر خطرناک دہشت گردگل شریف عرف رشید ولد محمدشریف کو بمقام اورنگی ٹاؤن نمبر10کراچی سے گرفتار کیا جس کے قبضہ سے ایک ہینڈگرنیڈبرآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق 15اپریل 2012کو طالبان نے بنوں سینٹرل جیل پر حملہ کرکے جن دہشت گردوں کو فرار کروایا تھا ان میں یہ ملزم بھی شامل تھا، ملزم اغوا برائے تاوان کے مقدمہ میں بنوں جیل میں عمرقید کی سزا کاٹ رہا تھا۔ جیل سے فرار ہونے کے بعد ملزم راولپنڈی اور نوخاراور کے پی کے ودیگرعلاقوں میں متعدد قتل، اقدام قتل اوردہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے اور کے پی کے پولیس کو مطلوب ہے، ملزم نے6/5سال سے کراچی میں اپنی شناخت چھپا کر رشید کے نام سے کچی آبادی فرید کالونی میں رہائش اختیار کی ہوئی تھی اور ملزم یہاں پر بھی کوئی دہشت گردی کی واردات کرنا چاہتا تھا، ملزم کے قبضہ سے ہینڈ گرنیڈ بھی برآمد ہوا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید