کراچی (شکیل یامین کانگا / اسٹاف رپورٹر) دنیائے کھیل کا سب سے بڑا میلہ فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کا افتتاح اتوارکوقطر میں شاندار تقریب سے ہوگا۔ورلڈ کپ کا پہلا میچ قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ فائنل18دسمبر کو کھیلا جائے گا۔میگا ایونٹ کے 64میچز قطر کے 5شہروں کے 8اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔دفاعی چیمپئن فرانس ایونٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں قطر میزبانی کرنے والا دنیا کا سب سے چھو ٹا ملک ہےاور یہ اب تک اس ایونٹ کیلئے 200ارب ڈالر سے زائد کی خطیر رقم خرچ کرچکا ہے۔ افتتاحی تقریب میں مقامی اور دنیا بھر سےآئے معروف فنکار شاندارپرفارمنس کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مشرقِ وسطی کا کوئی ملک عالمی کپ فٹ بال کی میزبانی کررہا ہےاور پہلی بار اس ٹورنامنٹ کا انعقاد موسم سرما میں ہورہا ہے۔ ٹورنامنٹ کو دیکھنے کیلئے دنیا بھر سے لاکھوں شائقین نے قطر کا رخ کیا ہوا ہے۔ قطر میں رہائش اور کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ شائقین نے ایک بیڈ کا روم کئی کئی سو ڈالرز میں حاصل کرکے اس تاریخی ٹورنامنٹ کو دیکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔