• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریر: عالیہ کاشف عظیمی

ماڈل: جویریہ

ملبوسات: عائشہ شاہ

زیورات : ندیم جانو جیولری

آرایش: دیوا بیوٹی سیلون

عکّاسی: عرفان نجمی

لے آؤٹ: نوید رشید

صابر دت کی ایک غزل ہے ؎ ’’پھول بکھراتی ہر اِک موجِ ہوا آتی ہے… آپ آتے ہیں کہ گلشن میں صبا آتی ہے… آپ کے رُخ سے برستا ہے سحر کا جوبن… آپ کی زلف کے سائے میں گھٹا آتی ہے… آپ کے ہاتھ جو چُھو جائیں کسی ڈالی سے… گُل ہی کیا خار سے بھی بُوئے حنا آتی ہے… آپ لہرا کے نہ یوں دودھیا آنچل کو چلیں… مُسکراتے ہوئے پھولوں کو حیا آتی ہے… آپ کو کیوں نہ تراشا گیا میرے دِل سے …سنگِ مرمر سے ہمیشہ یہ صدا آتی ہے۔‘‘ تو بلاشبہ چاندنی کی رُوپہلی کرنوں، بارش کے اُجلے قطروں جیسی شوخ و چنچل سی لڑکیاں بالیاں جب سجتی سنورتی ہیں، تو بےرنگ موسم بھی رنگ برنگ ساہو جاتا ہے۔ تو اِسی خیال سے اِس بار ہم نے اپنی بزم کچھ ایسے دِل کش و دل رُبا، جدّت و ندرت سے بَھرپور پیراہنوں سے مرصّع کی ہے کہ خزاں رُت میں بھی آپ ہی آپ دِل کشی و رعنائی سی گُھل جائے گی اور پھر ہر دیکھنے والی نگاہ شعر و شاعری ہی کرنے لگے گی۔

ذرادیکھیے، فون رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ فیروزی رنگ بنارسی قمیص اور ڈبل شیڈ ڈپرنٹڈ دوپٹا کیسا پیارا لگ رہا ہے، توساتھ گولڈن جھمکے بھی خُوب ہی جچ رہے ہیں۔پھر باٹل گرین رنگ بنارسی ٹراؤزر کے ساتھ اسکن رنگ میں ڈبل لیئر اے لائن فراک ہے، جس کا انر پلین ،تو اَپر پر ریڈی میڈ گلوں کی آرایش کی گئی ہے،جب کہ ساتھ دِل فریب لڑی ہار، آویزوں اور ٹیکے کا انتخاب بھی خوش گوار تاثر دےرہا ہے، تو اِسی لباس کے ساتھ ایک دوسرے انداز میں گلوبند بھی خُوب کھل رہا ہے۔

اسی طرح سُرخ رنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ کنٹراسٹ میں سفید رنگ قمیص ہے، جس پر سفید و سیاہ دھاگے کا کام چار چاند لگا رہا ہے،تو ساتھ بھاری جھمکوں کی ہم آمیزی کا بھی جواب نہیں۔ پھرگندمی رنگ سِلک میں گھیر دار شلوار کے ساتھ سیاہ ستاروں کی کام دار قمیص کا جلوہ بھی کمال ہےاور ساتھ بھاری جھمکوںاور حسین گلوبند کی آرایش کے تو کیا ہی کہنے۔