• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی‘ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک کی ٹیم کا بڑا چھاپہ

اسلام آباد ( رپورٹ:حنیف خالد) جڑواں شہروں کی تیرہ فلور ملوں کے سستے آٹے والے کئی ہزار آٹا تھیلے ضلعی انتظامیہ‘محکمہ خوراک نے پولیس کی معیت میں پکڑ لئے ہیں۔ ان میں کم و بیش 2ہزار دس کلو والے آٹے کے تھیلے بھی قبضے میں لئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مخبر کی اطلاع ملنے پر راولپنڈی کے علاقہ صادق آباد میں اسسٹنٹ کمشنر سٹی راولپنڈی نے پولیس اسٹیشن صادق آباد اور اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر اور پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ گلی نمبر 13صادق آباد میں واقع 13کنال کے احاطے پر چھاپہ مارا جہاں تین پیکنگ مشینیں یومیہ سینکڑوں سرکاری آٹا تھیلوں کو پرائیویٹ 15کلو آٹے تھیلے جو کہ سفید رنگ کے ہوتے ہیں میں اُلٹا کر بھر رہی تھیں۔ یہ دھندہ تاج گل اور داؤد خان نامی دو افراد چلا رہے تھے۔ اُنکے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ یہ 13 کنال کا احاطہ سربمہر کر دیا گیا ہے اور اس پر پولیس تعینات کر دی گئی ہے۔ اس حوالے سے ایف آئی آر بھی درج کرا دی گئی ہے۔ تین پیکنگ مشینوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ اس چھاپے کے دوران تیرہ فلور ملوں میں بنا ہوئے سرکاری دس کلو کے سینکڑوں آٹا تھیلے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ راولپنڈی ڈویژن سلمان علی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان کے مطابق کم و بیش 2ہزار آٹے سے بھرے تھیلے برآمد ہوئے ہیں۔ اسکے علاوہ چھاپہ مار ٹیم نے 20ہزار پندرہ کلو کے خالی تھیلے جن پر بوگس فلور ملوںکے ناموں کے سٹینسل چھاپے ہوئے تھے بھی قبضہ میں لے لئے گئے ہیں۔ یہاں پر 20کلو گرام وزنی پرائیویٹ آٹے تھیلے کے بیگز میں 644آٹے کے بھرے تھیلے برآمد ہوئے جبکہ 10کلو گرام آٹا تھیلے کے 710تھیلے قبضے میں لئے گئے ہیں۔ گرین بیگ مختلف ٹرکنگ اسٹیشنوں سے خرید کر یہاں پہنچائے جاتے تھے جس کیلئے گاڑیوں کا ایک نیٹ ورک شہر کے وسط میں چل رہا تھا۔ ایک سوزوکی پک اپ ایک لوڈر دو رکشے بھی اس کمپاؤنڈ سے قبضے میں لئے گئے ہیں جو 13کنال رقبے کے اس کمپاؤنڈ میں موجود پانچ کمروں میں محفوظ کئے گئے سرکاری آٹے تھیلے کو لانے لے جانے کیلئے استعمال ہو رہے تھے۔ ایف آئی آر زیردفعہ 3/6‘ 3/7فوڈ سٹف ایکٹ 1957-58ء درج کر لی گئی ہے۔ ضبط شدہ آٹے کو 17جنوری کو اُسی علاقے میں ٹرکنگ پوائنٹ بنا کر علاقہ کے لوگوں میں سرکاری قیمت پر فروخت کیا جائیگا۔ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر کے دستخطوں سے جو ایف آئی آر درج ہوئی ہے اسکے مطابق 16جنوری کی شام پونے پانچ بجے تیرہ کنال رقبے کے احاطے پر چھاپہ مارا گیا جہاں مختلف کمرے بنے ہوئے تھے جن میں سرکاری آٹا الحرمین فلور ملز‘ ہاشم شریف فلور ملز‘ سعید فلور ملز‘ اکبر فلور ملز‘ النور فلور ملز‘ الرحمان فلور ملز‘ نصرت فاروق فلور ملز‘ اٹک فلور ملز ایف آر کے مطابق بنا ہوا تھا۔ پنجاب حکومت غریب عوام کوسبسڈی دیکر سرکاری آٹا غریب عوام کو فروخت کروا رہی ہے۔ موقع پر تین اشخاص جو سرکاری آٹے کو 15کلو وزنی پرائیویٹ آٹا تھیلوں میں بھر رہے تھے کو پکڑ لیا گیا ہے جنہوں نے اپنے نام عبدالرشید ولد خواب خان سکنہ گلی نمبر 11سروس روڈ راولپنڈی‘ اعزاز خان ولد سجاول خان سکنہ گلی نمبر 11‘ زمین خان ولد شیر خان سکنہ سروس روڈ راولپنڈی کو گرفتار کر لیا گیا۔ موقع پر 2رکشے‘ ایک پک اپ نمبر جے اے 4353‘ ایک لوڈر ایپلائیڈ فار‘ تین بھرائی اور سلائی والی مشینیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ ملزمان داؤد خان اور تاج گل نے اپنے ملازمین کو ناجائز منافع خوری کیلئے مختلف ٹرکنگ پوائنٹس سے آٹا خرید کر صوبے سے باہر مہنگے داموں فروخت کرنے یا تنور مالکان کو مہنگے داموں فروخت کرنے کیلئے یہ دھندہ اپنایا ہوا تھا۔ راولپنڈی ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سلمان علی اور ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سفیان آصف اعوان نے جنگ کو ٹیلیفون پر بتایا کہ ملزمان بھاری مقدار میں سرکاری آٹے تھیلے ناجائز منافع خوری اور خیبر پختونخوا میں بھجوا رہے تھے مگر مخبر کی اطلاع پر ضلعی انتظامیہ‘ محکمہ خوراک اور پولیس نے اس تیرہ کنال بڑے احاطے پر چھاپہ مار کر ہزاروں آٹے کے تھیلے قبضہ میں لے لئے ہیں۔
اسلام آباد سے مزید