راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے)لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے توہین عدالت کی درخواست پر کمشنر راولپنڈی ڈویژن ثاقب منان کو طلب کرلیا اور سرکاری وکیل کو ہدایت کی ہے کہ 26جنوری تک جواب کو یقینی بنائیں۔ ڈائی نیسٹ کمپنی نے شہریار طارق اور حفیظ چوہدری ایڈووکیٹس کے ذریعے دائر توہین عدالت کی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عدالت عالیہ میں زیر سماعت رٹ نمبر2023میں عدالت عالیہ نے کمشنر راولپنڈی کو درخواست گزار کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روکا تھا لیکن کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے ایک شخص ممتاز کو معاملہ سلجھانے کیلئے فون کال کی جس کی مبینہ ریکارڈنگ بھی عدالت عالیہ میں جمع کرادی گئی ہے۔ جسٹس سلطان تنویر احمد نے سخت نوٹس لیتے ہوئےمعاملہ کو سنگین قرار دیا اور کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو طلب کرلیا ۔