• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز تعینات

راولپنڈی (نمائندہ جنگ،اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی طرف سے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کی مدت پوری اور پنجاب اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد راولپنڈی سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی اداروں میں ایڈمنسٹریٹرز تعیناتی کی منظوری دیئے جانے کے بعد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 کے تحت ایڈمنسٹریٹر بحال کر دیئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نئے احکامات کے تحت بلدیات کے تمام اختیارات اب بیورو کریسی کے سپرد ہونگے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق نو تعینات شدہ ایڈمنسٹریٹر پنجاب میں نئے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور نئے بلدیاتی نظام کے نفاذ تک لوکل گورنمنٹ کے اختیارات استعمال کریں گے اسی طرح یونین کونسلوں اور میونسپل کمیٹیوں میں پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹس کے اجرا اور نکاح و طلاق کے معاملات اب لوکل گورنمنٹ کی زیر نگرانی جاری رہیں گے۔میٹرو پولیٹن کارپوریشن راولپنڈی سمیت صوبے کی گیارہ کارپوریشنز کے سربراہ کمشنرز کو بنایا گیا ہےجبکہ ضلع کونسل راولپنڈی سمیت 30ضلع کونسلوں کے سربراہ ڈپٹی کمشنرز کو بنایا گیا ہے۔ہر تحصیل میں یونین کونسل سطح پر ایڈمنسٹریٹر متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ہوں گے۔ راولپنڈی میں کمشنر ثاقب منان میٹرو پولیٹن کارپوریشن ،ڈپٹی کمشنر ضلع کونسل جبکہ مرزا جہانگیر یونین کونسلز کے ایڈمنسٹریٹرز کا چارج لیں گے۔ڈسٹرکٹ کونسل مری میں ایڈمنسٹریٹر احمد حسن رانجھا ہوں گے۔
اسلام آباد سے مزید