اسلام آباد(جنگ رپورٹر) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے تاریخ ساز فیصلوں کے ذریعے ملک میں مارشل لا ء کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند کردیاہے ، فیئر ٹرائل کا حق دینا ہمارے آئین کا سب اہم حصہ ہے آئین توڑنے پر ملٹری ڈکٹیٹر جنرل پرویز مشرف کا ٹرائل ہوا اور اسے سز اہوئی ہے، حامد خان ایڈوکیٹ کی کتاب ʼʼکمپیرٹیوکانسٹیوشنل ریویوʼʼکی تقریب رونمائی کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین جیسے خشک اور مشکل موضوع پر کتاب لکھنا کوئی آسان کام نہیں،ہمارے آئین میں بہت سی ماورائے آئین شقیں بھی شامل کی گئی ہیں عدلیہ ہمیشہ آئین کے تابع اور اس پر عملدرآمد کرتی رہی ہے، حامد خان ایڈوکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے جج فیصلے کرتے تھے اب مقدمات پر بیٹھ جاتے ہیں، عدلیہ کوریورس گیئر لگ گیا افتخار محمد چوہدری نے کہا کہ حامدخان نے نے اپنی کتاب میں قانون کی بالادستی نہ ہونے پر عدلیہ کو ہی مورد الزام ٹھہرایا ہے لیکن عدلیہ نے ملک میں تمام غیر عدالتی محرکات کو باہر اٹھا پھینکا ہے،عدلیہ نے طے کیا تھا کہ کسی آمر کو ملک چلانے کی توثیق نہیں دی جائیگی، آئین کی سمجھ کیلئے حامد خان کی کتاب نہ صرف طلبہ بلکہ ججز کو بھی پڑھنی چاہئے، فیئر ٹرائل کا حق دینا ہمارے آئین کا سب اہم حصہ ہے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں فیئر ٹرائل کا ذکر کیاگیا ہے۔