• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میری آواز بند کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جیل اور موت سے کوئی ڈر نہیں، عمران خان

لاہور(ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف وسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موجودہ سیٹ اپ پاکستان کو تباہی کی طرف لے کر جا رہا ہے‘میں ان چوروں کو مان جاؤں گا یا ان کی غلامی کروں گا ایسا ممکن نہیں‘آخری گیند تک لڑوں گا، آخری سانس تک ان کا مقابلہ کروں گا‘جب تک زندہ ہوں ملک کیلئے جدوجہدکرونگا‘میری آواز بندکرنے کی کوشش کی جارہی ہے ‘جیل اورموت سے نہیں ڈرتا‘آئی ایم ایف نے سری لنکا کی فوج کا بجٹ آدھا کرنے کا کہہ دیا ہے،مصر سے بھی کہا ہے فوج کی فضول خرچیاں کم کرو‘ ہم بھی قیمت ادا کریں گے ، ہماری آزادی خطرے میں ہو گی یا نہیں؟ ،قومی سلامتی کے ادارے کا سب سے زیادہ اسٹیک ہے کہ پاکستان زیادہ طاقتور ملک بنے ‘وہ ادارہ چوروں کے ساتھ کھڑاہوگیا‘ پولیس نے فواد چوہدری کو کیوں پکڑا ہے ، جمہوریت میں بتائیں کیا یہ جرم ہوتا ہے کہ کسی کو منشی کہہ دیا ،یہ محسن نقوی کو لے کر آئے ہیں جس سے لگتا ہے ان کا انتخابات کرانے کا کوئی ارادہ نہیں ۔اپنی رہائشگاہ پر ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ یہاں پر ظلم اور ناانصافی کا نظام ہے جس کی وجہ سے یہ حالات ہیں۔میں اپنی عدلیہ سے مخاطب ہوں ، وکلاء سے مخاطب ہوں، اللہ نے آپ کوبہت بڑی ذمہ داری سونپی ہے ، یہ وقت ہے آپ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے کھڑے ہوں ، جس طرح جنگل کا نافذ کیا جارہا ہے اس سے ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہے ۔ججز اور وکلاء برادری سے اپیل کر رہا ہوں کردار ادا کریں، میری ساری جدوجہد عوام کے لئے ہے‘سب کو کھڑا ہونا ہوگا‘نہ کھڑے ہوئے تو آگے اندھیرا ہے ۔اللہ کے بعد آپ اس ملک کے وارث ہیں آپ کو اپنی تقدیر اپنے ہاتھ میں لینا پڑے گی ‘ میرا وعدہ ہے جب تک زندہ ہوں میں اس ملک کے لئے جدوجہد کروں گا‘ کسی انسان کا وقت نہ آگے ہوتا ہے نہ پیچھے ہوتا ہے‘ عوام کو جیل سے ڈرنا نہیں چاہیے ، یہ کتنے لوگوں کو جیل میں ڈالیں گے۔الیکشن کمیشن نے محسن نقوی کو پنجاب کا نگراں وزیر اعلیٰ بنایا،سابق آرمی چیف کے بعد جو چند بڑے کردار تھے ان میں یہ سب سے اہم تھا ،اس نے سب سے زیادہ بھاگ دوڑ کی،الیکشن کمیشن چن کر وہ بندہ لایاجو ہمارے خلا ف تھا ۔ محسن نقوی نے اپنے کارنامے دکھا دئیے ہیں۔یہ صاف اور شفاف انتخابات کرانے کے لئے نہیں آیا بلکہ وہ کرنے آیا ہے جو آصف زرداری نے کراچی کے اندر کرایا ، ووٹ بینک ہے نہیں اور پیپلز پارٹی جیت جاتی ہے ‘ہم عدلیہ میں اس کا کیس لے کر جارہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید