• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رورل ڈسپنسریوں میں پہلے سے موجود چوکیداروں کی جگہ نئی بھرتیاں

راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) کلرسیداں اور مری کی رورل ڈسپنسریوں پر بھرتی چوکیداروں کی جگہ نئے چوکیدار بھرتی کرنے کا انکشاف ہوا ہےجس کے بعد نئے تصیحی احکامات بھی بغیر بھرتی کمیٹی کی منظوری کے جاری کردئیے گئے ہیں۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ کلاس فور بھرتی کیلئے قانون کے برعکس بھکر اور میانوالی کے رہائشی بھی ملازمت حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں لیکن کسی نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔قانون کے مطابق کلاس فوربھرتی صرف متعلقہ ضلع میں سے ہی ہوگی۔ ذرائع کے مطابق میٹرک اور انٹرمیڈیٹ پاس چھوڑ کر مڈل پاس بھرتی کئے گئے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی چار رکنی بھرتی کمیٹی میں اے سی جنرل، ڈی ایچ او ایچ آر،ڈی ایچ او پی ایس اورسپرنٹنڈنٹ شامل تھے۔اب غلطی چھپانے کیلئے تصیحی احکامات جاری کئے گئے ہیں جس کے تحت سکرانہ کلر سیداں رورل ڈسپنسری میں بھرتی کرکے بھجوائے گئے چوکیدار منظر حسین کونئے حکم کے تحت اب ادھوال بھجوایا گیا ہے۔کنوہا کلر سیداں کیلئے بھرتی محمد کیف کو اب کھڈ ڈسپنسری کلر سیداں جبکہ بانڈی مری رورل ڈسپنسری کیلئے بھرتی سبطین سراج کو اب سرمنڈال ڈسپنسری بھیجا گیا ہے۔باغ سنگرا کا بھی بھرتی حکم تبدیل کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایچ ار ایم نے ڈسٹر کٹ ہیلتھ آفیسر تھری کو ایک مراسلہ بھی بھجوایا جس میں کہا گیا ہے کہ سکرانہ،کنوہا،بانڈی اور باغ سنگرا میں چوکیدار کی ایک ایک آسامی خالی ظاہر کی گئی تھی جس کے بعد ڈی ایچ او ایچ آر ایم نے ان ڈسپنسریوں کیلئے چوکیداروں کے تقررنامے جاری کئے ۔جب نئے چوکیدار چارج لینے پہنچے تو پتہ چلا کہ وہاں تو پہلے ہی چوکیدار کام کررہے ہیں۔مراسلہ میں اس لاپرواہی کے ذمہ دار کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ کلاس فور کی خالی آسامیوں کی تازہ فہرست بھی طلب کی گئی ہے۔
اسلام آباد سے مزید