شیخوپورہ( نمائندہ جنگ )ساندہ کےمغوی بچے کو جعلی پیر نے زندہ جلادیا،ملزم گرفتار کرلیا گیا، شیخوپورہ کے ’’عامل بابا ‘‘ذیشان نےلاہور کے علاقے ساندہ اسلام پورہ کے رہائشی قلب عباس سے ناراضگی کا بدلہ لینے کیلئے اس کے آٹھ سالہ بیٹے احمد عرف ٹیٹو کواغواءکرکے امامیہ کالونی فیروز والا ریلوے پھاٹک کے قریب پٹرول چھڑک کر آگ لگا کر زندہ جلا یا، ایس ایچ او فیروزوالا محمد اعظم کے مطابق کمسن بچے کی جلی ہوئی لاش کی اطلاع پر جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو لاش کے پاس والدین اور ان کے ’’عامل بابا‘‘بھی کھڑے تھے جنہیں دیکھ کر پوچھا کہ انہیں بچے کی ہلاکت کی اطلاع کس نے دی، بچے کے والد نے بتایا کہ عامل بابا پیر سید ذیشان نے انہیں بتایا کہ اسے الہام ہوا ہے کہ ان کے بچے کو مار دیا گیا ہے اور اس کی لاش فیروزوالا ریلوے کراسنگ کے پاس پڑی ہے ،ایس ایچ او کے مطابق عامل کو شک کی بنا پر حراست میں لے کر شامل تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی مقتول بچے کے والد کے ساتھ تو تکرار ہوئی تھی جس کا اسے رنج تھا اور اسی بنا پر بچے کو اغوا کرکے یہاں لے آیا اور ہلاک کیا اور خود ہی جاکر بچے کی ہلاکت کی اطلاع اس کے والد کو دےدی ،ملزم کو اسلام پورہ پولیس کےحوالے کر دیا گیا۔