• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کا جگنو محسن کو خراج تحسین،انکے کارکن کو اسٹیج پر بٹھایا

اوکاڑہ(وارث حیدری) مریم نواز کا ساہیوال جلسہ میں جگنو محسن کو خراج تحسین ،ان کے حلقہ کے کارکن کووفاقی وزراء کے ساتھ اسٹیج پر بٹھایا، مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے ساہیوال ہاکی گراؤنڈ میں منعقدہ جلسہ عام میں شرکت کیلئے سابق ایم پی اے جگنو محسن کا قافلہ ڈیرہ المحسن شیرگڑھ سے دن11بجے روانہ ہوا جس میں سینکڑوں گاڑیوں پر عوام کی بہت بڑی تعداد شریک تھی جن کی تواضع کا بھی خاطر خواہ بند وبست کیا گیا ،جگنو محسن کی بیرون ملک موجودگی کے باعث ریلی کی قیادت چیئرمین مارکیٹ کمیٹی حجرہ رائے مشاق احمد کھرلنے کی،ریلی میں شامل افراد نے میاں نواز شریف، مریم نواز،میاں شہباز شریف اور جگنو محسن کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں، اور وہ نوازشریف اور جگنو محسن کے حق میں نعرے لگاتے رہے، قافلہ براستہ اختر آباد جی ٹی روڈ پر پہنچا توگاڑیوں کی لمبی قطار کی وجہ ٹریفک کا بہاؤ انتہائی سست ہو گیا، قافلے نے ساہیوال تک ڈیڑھ گھنٹے کا فاصلہ ساڑھے 4گھنٹے میں طے کیا،مریم نواز نے اسٹیج پر پہنچتے ہی جگنو محسن کا پوچھا اور کہا کہ میں اپنی بہن کو بہت مس کر رہی ہوں مریم نواز کو بتایاگیا کہ جلسہ میں سب سے زیادہ تعداد جگنو محسن کے حلقہ کی ہے جس پر مریم نواز نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ریلی کو لیڈ کرنیوالے جگنو محسن کے کارکن رائے مشتاق احمد کھرل کو اسٹیج پر وفاقی وزراء کی صف میں بٹھادیا،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے جگنو محسن کو ٹیلی فون کر کے جلسہ میں بڑی ریلی بھجوانے پر شکریہ ادا کیا۔