کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے ناظم جوکھیو قتل کیس میں ورثا کو دیت کی رقم دینے سے متعلق وکلا کی جام اویس کی نااہلی قرار دینے کی درخواست پر اسپیکر سندھ اسمبلی اور جام اویس کو نوٹس جاری کردیئے۔ ہائی کورٹ میں ناظم جوکھیو قتل کیس میں ورثا کو دیت دینے سے متعلق وکلا کی جام اویس کی نااہلی قرار دینے کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار وکلا نے کہا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں ممبر سندھ اسمبلی جام اویس نے ورثا سے صلح کی۔ صلح کے عوض ورثا کو دیت ادا کی گئی۔ دیت دینے کا مطلب جرم تسلیم کرنا ہے۔ جام اویس دیت دینے کے بعد صادق اور امین نہیں رہا۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کو جام اویس کے خلاف ریفرنس بھیجنے کا حکم دیا جائے۔ جام اویس کو صادق اور امین نہ ہونے پر ڈی نوٹی فائی کیا جائے۔ عدالت نے اسپیکر سندھ اسمبلی اور جام اویس کو نوٹس جاری کردیئے۔