لاہور(مانیٹرنگ نیوز) عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پرویز الہی کے بیٹے راسخ الٰہی اور ان کی بہو اور فرنٹ مین کی 10ارب مالیت کی اراضی اور 22 بینک اکاونٹس منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ چودھری پرویزالہٰی کے بیٹے راسخ الہٰی اور اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے راسخ الہٰی اور ان کی اہلیہ کی پراپرٹی اور بینک اکاؤنٹس، مونس الہٰی کی اہلیہ، چودھری برادران کے فرنٹ مین قیصر بھٹی اور عابد بھٹی کے اکاؤنٹس بھی منجمد کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے تمام شریک ملزموں کی 10 ارب روپے مالیت کی 17420 کنال اراضی منجمد کرنے کا حکم بھی جاری کیا ہے جب کہ شریک ملزموں کے 22 بینک اکاؤنٹس فریز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جن میں تقریباً ساڑے 3 ارب روپے بھیجے گئے۔ ذرائع کے مطابق کرپشن کا پیسہ بےنامی بینک اکاؤنٹس اور کمپنیوں کے ذریعے بھیجا گیا۔