راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے)مری میں غیر قانونی تعمیرات کی تحقیقات کیلئے چار رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔ڈپٹی کمشنر راولپنڈی/مری ڈاکٹر حسن وقار چیمہ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔کمیٹی چیئر مین ایڈیشنل کمشنر ریونیو مری کیپٹن ریٹائرڈ قاسم اعجاز،ارکان میں اسسٹنٹ کمشنر مری کامران حسین،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری اور میونسپل آفیسر پلاننگ مری شامل ہیں۔کمیٹی غیر قانونی تعمیرات کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرکے پندرہ دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی۔ذرائع کے مطابق پہلے انکشاف ہوا تھا کہ مری میں گزشتہ 4 برس کے دوران میں 600 عمارتیں تعمیر ہوئیں اور بعض عمارتیں بغیر نقشے کے بنائی گئیں۔پھر لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں کیسز کی سماعت کے دوران سابق سی ای او ضلع کونسل کامران کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق مری میں 2019کے بعد سے 583بلڈنگ پلان منظوری کیلئے جمع کرائے گئےجن میں سےچودہ غیر قانونی بلڈنگز شامل ہیں۔214پلان منظور ہوئے۔190اوپن پلاٹ ہیں۔ نامنظور میں سے38کمرشل اور141رہائشی منصوبے ہیں۔ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن میں اب تک 52عمارتوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔15کے خلاف ایف آئی آر ز کرائی گئیں۔19افراد کو گرفتار کیا گیا۔11عمارستیں سیل کی گئیں۔3کو مکمل جبکہ29کو جزوی منہدم کیا گیا۔کمیٹی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں کرکے ہر ہفتہ رپورٹ پیش کیا کرے گی۔کمیٹی غیر قانونی تعمیرات کرانے والوں کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ ان کے خلاف ایکشن کی رپورٹ بھی دے گی۔