راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) باخبر ذرائع کے مطابق جنوری سے اپریل تک ضلع راولپنڈی میں256بچے خسرے کا شکار ہوئےاور اب تک آٹھ اموات ہوچکی ہیں۔راول ٹاؤن کی 46یونین کونسلوں میں سے اب تک142کیس آچکے ہیں جبکہ ٹیکسلا کے24بچے متاثر ہوئے۔حفاظتی تدابیر کے تحت متاثرہ بچوں کے گھروں کے اردگرد60 گھروں میں موجود بچوں کو ویکسین دی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر وسیم احمد کے مطابق یہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ تھارٹی کی ذمہ داری تھی کہ وہ بچوں کوبروقت خسرہ سے بچاؤ کی ویکسین لگاتی۔ذرائع کے مطابق نو سے تیرہ ماہ کے بچوں کو پہلی خوراک دی جاتی ہے۔دوسری خوراک تین سے پانچ سال کے دوران لگائی جاتی ہےجس کے تین ماہ بعد دوسری بوسٹر ڈوز لگائی جاتی ہےجس سے99فیصد بچے خسرہ سے محفوظ ہوجاتے ہیں۔