اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) کسٹم انٹیلی جنس نے راولپنڈی کے علاقے رتہ امرال میں سمگلروں کےٹھکانے پر چھاپہ مار کر 30کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کے 20 ٹرک تحویل میں لے لئے۔سمگل شدہ سامان میں بادام ، کاجو، اخروٹ ، سگریٹ اور چائے سمیت دیگر اشیا شامل ہیں۔ ایڈیشنل ڈائر یکٹر کسٹم انٹیلی جنس شاہد جان اور ڈپٹی ڈائر یکٹر سالک محمود گوندل نے رتہ امرال راولپنڈی میں موسیٰ گودام پر چھاپہ مارا ۔سمگلروں کے خلاف راولپنڈی ،اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ہمراہ کیا گیا آپریشن را ت بھر جاری رہا ۔ کسٹم انٹیلی جنس نے دوسری کارروائی کراچی کی بولٹن مارکیٹ میں کی اور غیر ملکی سگریٹ ، گٹکا اور کاسمیٹک کا سامان ایک نجی گودام سے پکڑ لیا ۔ 22سگریٹ کی سٹک، تین لاکھ گٹکا اور شیشہ پکڑا گیا۔مجموعی طور پر 6کروڑ 10لاکھ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیا کو تحویل میں لیاگیا ۔ گزشتہ چند روز کےد وران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی کسٹم انٹلی جنس نے انسداد سمگلنگ کارراوائیوں میں کروڑ روپے مالیت کی اشیا کو تحویل میں لیا جن میں یوریا کھاد اور چینی بھی شامل ہے۔ جمعرات کی صبح چیئرمین ایف بی آر نے ڈائر یکٹوریٹ جنرل آف کسٹم انٹیلی جنس و انوسٹی گیشن اسلام آباد کا دورہ کیا اور سمگلنگ کے خلاف موثر کارروائی پر ڈی جی کسٹم انٹیلی جنس فیض احمد کی کوششوں کو سراہا۔ انہیں بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ چار روز کے دوران 75کروڑ 40لاکھ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیا کو پکڑا گیا ۔