• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر سیمی جمالی انتقال کر گئیں، نماز جنازہ آج ہوگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح اسپتال کراچی کی سابق ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی ہفتےکی شام انتقال کرگئیں‘ ان کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز عصر جناح اسپتال کی مسجد میں ادا کی جائے گی۔ ڈاکٹر سیمی جمالی گزشتہ ڈھائی سال سے آنتوں کے کینسر میں مبتلا تھیں جس کا علاج جاری تھا تاہم طبیعت کی شدید ناسازی پر انہیں 19 مئی کو آغا خان یونیورسٹی اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ 9 دنوں تک زندگی کی جنگ لڑتی رہیں اور ہفتے کی شام انتقال کرگئیں۔ڈاکٹر سیمیں جمالی نے پسماندگان میں شوہر ڈاکٹر اللہ رکھا جمالی اور دو بیٹے عمر اور بابر کو چھوڑا ہے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی نےنوابشاہ سے میڈیکل کی تعلیم مکمل کرکے تھائی لینڈ سے ماسٹر آف پبلک ہیلتھ مینجمنٹ کی ایڈوانس ڈگری حاصل کی تھی۔ انہوں نے سول اسپتال کراچی سے ہاؤس جاب کی جس کے بعد 1988 میں بطور آر ایم او جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر جوائن کیا۔ انہیں 1995 میں جے پی ایم سی کے شعبہ حادثات کا انچارج مقرر کیا گیا تھا۔ امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنزکی جانب سےانہیں پبلک ہیلتھ پالیسی اینڈ انجری پریونشن میں پوسٹ ڈاکٹر کی فیلوشپ بھی فراہم کی گئی۔ ڈاکٹر سیمیں جمالی کو ان کی خدماتک کے اعتراف میں پاکستان آرمی میں اعزازی لیفٹیننٹ کرنل کا عہدہ دیا گیا جبکہ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات پر انہیں تمغہ امتیاز سے نوازا۔ ڈاکٹر سیمیں جمالی کے انتقال پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، سیکریٹری صحت ذوالفقار علی شاہ، جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول،پروفیسر طارق محمود، جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن، ینگ نرسز ایسوسی ایشن سمیت دیگر دکھ کا اظہار کرتے ہوئےتعزیت کی ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے جنرل سیکریٹری اور جی ڈی اے کے سیکرٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے جناح اسپتال کی سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے ورثاء سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید