اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،خصوصی نامہ نگار) اطلاعات و نشریات کی وفاقی وزیر مریم اورنگ زیب نے کہا ہے کہ فرائض کے ادائیگی کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والے شہید صحافیوں کے لیے بھی ہیلتھ انشورنس بل میں فنڈز مختص کریں گے، بجٹ میں مختص کم از کم ویج32 ہزار کا اطلاق صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے بھی ہوگا۔گزشتہ دور حکومت میں جب ہم پر پارلیمنٹ سمیت ہر جگہ میڈیا ٹاک پر پابندی تھی تو یہی نیشنل پریس ہماری آواز عوام تک پہنچانے کا ذریعہ تھا یہی وجہ ہے کہ نیشنل پریس کلب کی کرسی پر بیٹھ کر خود کو جتنا بہادر اور مضبوط سمجھتی ہوں اتنا اپنی وزارت کی کرسی پر نہیں، میڈیا ہاؤسز کی تمام ادائیگیوں کو پیمرا اتھارٹی اور کونسل آف کمپلینٹس کو لنک کر دیا گیا ہے، پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا صحافیوں اور میڈیا ورکرز کیلئے ہیلتھ انشورنس کیلئے ایک ارب روپے کی خطیر مختص ہونے پر پی ایف یو جے، آر آئی یو جے سمیت دیگر تمام تنظیمیں مبارکباد کی مستحق ہیں،میڈیا کیلئے ہیلتھ انشورنس پالیسی نواز شریف دور کے آٹھویں ویج بورڈ کے سلسلے کی کڑی ہے، شہباز شریف نے اپوزیشن لیڈر ہوتے ہوئے کہا تھا کہ جب بھی ن لیگ کی حکومت آئے گی وہ یہ کام ضرور کرینگے مریم اورنگ زیب نے مزید کہا کہ افضل بٹ ایک بہادر اور نڈر آدمی ہے جو اپنے ورکرز کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے، پی ٹی آئی کے گذشتہ دور حکومت میں میڈیا پر جو قدغنیں لگائی گئیں اس سے سب واقف ہیں۔