کراچی (عبدالماجد بھٹی /اسٹاف رپورٹر) پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے قیام اور نئے چیئرمین کے انتخابات کیلئے کوشاں ہے۔بدھ کو پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے گورننگ بورڈ کیلئے دو ارکان کی نامزدگیاں بدھ یا جمعرات تک متوقع ہیں، جس کے بعد چار ڈپارٹمنٹس اور چار ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل گورننگ بورڈ بناکر الیکشن کمشنر 21جون سے قبل الیکشن کرائیں گے۔ تاہم چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کو ذکاء اشر ف کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔ نجم سیٹھی نے گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے انہیں جلد چیئرمین کے الیکشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ساتھ ہی امیدوار بھی نامزد کر دیا تھا۔ البتہ بین الصوبائی رابطے کے وزیر احسان مزاری کا کہنا ہے کہ کھیلوں کی وزارت پی پی کے پاس ہے اور چیئرمین پی سی بی وہی ہوگا جس کو پی پی لیڈر شپ نامزد کرے گی۔